Live Updates

قومی و پنجاب اسمبلی کی 26 نشستوں پردوبارہ ووٹوں کی گنتی ہوگی ،ْ الیکشن کمیشن نے منظوری دیدی

پیر 30 جولائی 2018 21:37

قومی و پنجاب اسمبلی کی 26 نشستوں پردوبارہ ووٹوں کی گنتی ہوگی ،ْ الیکشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلی کی 26 نشستوں پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواستوں کو منظور کرلیا ،ْان حلقوں کی درخواستیں منظور کی گئیں جن کے فارم 49 جن پر پوسٹل بیلٹ سمیت مجموعی نتائج موجود ہوتے ہیں،الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوئے۔فہرست میں قومی اسمبلی کے 15 حلقے موجود تھے جن میں سے 2 حلقوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی (این اے 57 راولپنڈی ون) اور سید یوسف رضا گیلانی (این اے 158 ملتان فور) کی جانب سے کی گئی تھی۔

این اے 129 (لاہور سیون) جس پر قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق کو تحریک انصاف کے علیم خان کے مقابلے پر جیت ہوئی تھی، کی بھی دوبارہ گنتی کی جائے گی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ سے امیدوار بلیغ الرحمٰن (این اے 170 بہاولپور ون)، رانا محمد حیات خان (این اے 140 قصور ون) اور رانا افضال حسین این اے 119 فیصل آباد ٹین) کو بھی منظور کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے 6 نشستوں، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 3 نشستوں اور سندھ اسمبلی کی 2 نشستوں پر بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستوں کو منظور کیا گیا۔دریں اثنا 32 حلقے جن کے مجموعی نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے تھے، کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔ان حلقوں میں این اے 35 بنوں بھی شامل ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر کھڑے ہونے والے امیدوار، خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کو شکست دی ہے۔اس سے قبل ووٹوں کی گنتی کی تمام گزشتہ درخواستیں آر او اور پریزائڈنگ آفیسر کی جانب سے دیکھی گئی تھی تاہم ان نئی درخواستوں پر ووٹوں کی گنتی کے عمل کی نگرانی ای سی پی خود کریگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات