شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ، وفاقی اور صوبائی وزیر اطلاعات نیب کے خود ساختہ ترجمان بنے ہوئے ہیں (ن) لیگ

فواد چوہدری کو کس نے بتایا یہ پہلی گرفتاری ہے ،نیب ان سے اجازت لیکر گرفتاریاں کر رہی ہے ،جو ہمیں ڈراتے ہیں وہ خود سیاسی خوف میں مبتلا ہیں نیب کو میٹرو پشاور کے کھڈے نظر نہیں آتے،آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائیگا‘ مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 14:30

شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ، وفاقی اور صوبائی وزیر اطلاعات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے ، دو وزراء کی گردان سن رہے ہیں کہ یہ پہلی گرفتاری ہے ،انہیں کس نے بتایا یہ پہلی گرفتاری ہے ،کیا نیب ان سے اجازت لے کر گرفتاریاں کر رہی ہے ،نیب کو میٹرو پشاور کے کھڈے نظر نہیں آتے ،آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے شہباز شریف نے کینسر کے مرض کے باوجود دن رات ایک کرکے پنجاب کو خوشحالی دی ۔انہیں صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور تحقیقات کے دوران آشیانہ ہائوسنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا جس پر نیب کو جواب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے، جو ہمیں تڑیاں لگا رہے ہیں ڈرا رہے ہیں وہ اصل میں خود سیاسی خوف کاشکار ہیں۔

پی ٹی آئی کو نظر آرہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ جیت جائے گی تو ان کی حکومتوں کا کیا بنے گا۔ انہوںنے کہا کہ دو وزراء کی گردان سن رہے ہیں کہ یہ پہلی گرفتاری ہے ۔ فواد چوہدری کو کس نے بتایا یہ پہلی گرفتاری ہے ، کیا نیب ان سے اجازت لے کر ایسی حرکتیں کر رہا ہے ۔ حکومت کے بقول اگر نیب واقعی آزاد ادارہ ہے تو دونوں وزراء کے خلاف نیب کی کارروائی میں مداخلت کا کیس تیار کیا جائے ۔

ورنہ ہم سمجھیں گے کہ موجودہ حکومت سیاسی میدان میں شکست کے خوف سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ چار ووٹوں پر کھڑی حکومت کو معلوم ہے کہ ضمنی انتخابات میں پنجاب کی 37نشستیں مسلم لیگ (ن) کو ملنے جارہی ہیں ۔ کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ انہوں نے ملی بھگت سے جس طرح غریب عوام پر مہنگائی کے بم برسائے ہیں اور جس طرح غریب کے منہ سے روٹی چھینی ہے اور کہتے ہیں کہ ہم نے مہنگائی نہیں کی انہیں آئندہ کے نتائج معلوم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ شہباز شریف کو گرفتار کریں گے اور عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے تو پنجاب کی عوام کا یہی رد عمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے نیک نیتی کے ساتھ محب وطن سرکاری افسران کو ہمیشہ تعینات کیا۔شہباز شریف نے جتنے کام کیے ہیں اس کو صرف پنجاب نہیں پوری دنیا جانتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ایسا کیس جو تفتیش کے مرحلے میں ہے اس میں گرفتار ی کی گئی کیا گیا۔

سب کو معلوم ہے کہ آشیانہ سکیم میں ایک روپے کی کرپشن نہیں کی گئی اور شہباز شریف اس کیس میں سرخرو ہوں گے۔ ایسی کارروائیاں اور سیاسی انتقام پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ احتساب عدالت کا جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ ہے ۔ نیب کو میٹرو پشاور کے کھڈے نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے اور اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں سب اس سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مکمل جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔پہلے عام انتخابات سے قبل نواز شریف کو گرفتار کیا گیا اور ضمنی انتخابات سے قبل شہباز شریف کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، قوم ایسے ہتھکنڈوں آگاہ ہے ۔

انہوںنے کہا کہ نیب کی جانب سے ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کی جا سکی انشا اللہ شہباز شریف اس کیس میں سر خرو ہوں گے۔عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ یہی وہ دس دن ہیں جب پی ٹی آئی شہباز شریف کو گرائونڈ پر نہیں دیکھنا چاہتی۔ حکومت یہ بھی چاہتی ہے کہ ضمنی انتخاب سے پہلے شہباز شریف میدان میں نہ ہوں اور اسی لئے انہیں بے بنیاد اور جھوٹے کیس میں گرفتار کیا گیا ۔اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے جاتے اس کے لئے جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے۔