Live Updates

پاکستان کے پاس آگے جانے کا واحد راستہ ٹیکنالوجی ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترکی اور سنٹرل ایشیاء کے ساتھ تعلق بڑھانا چاہتے ہیں،

25 سال بعد یورپی یونین کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں رابطہ بحال ہو رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران حکام سے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے بات چیت کو اپنے ایجنڈے کا حصہ بنائیں، قمری کیلنڈر کی ایپلی کیشن کو یو اے ای، سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک نے سراہا ہے، قمری کیلنڈر کی تیاری کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں اں برادران پر تین بلین ڈالر کی کرپشن کا الزام ہے جس کی وضاحت دینے کی بجائے کبھی لیٹر سامنے آتے ہیں، کبھی ججوں کو خریدنے کی باتیں سامنے آتی ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 15 جولائی 2019 19:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس آگے جانے کا واحد راستہ ٹیکنالوجی ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترکی اور سنٹرل ایشیاء کے ساتھ تعلق بڑھانا چاہتے ہیں، 25 سال بعد یورپی یونین کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں رابطہ بحال ہو رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران حکام سے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے بات چیت کو اپنے ایجنڈے کا حصہ بنائیں، امریکہ نے ہمیں 10 انکیوبیشن سینٹرز بنا کر دیئے۔

پیر کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ای سی او کا سب سے پرانا الائنس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قمری کیلنڈر کی ایپلی کیشن کو یو اے ای، سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک نے سراہا ہے، ہمارے تیار کئے گئے قمری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحی 12 اگست کو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلنڈر کی تیاری کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں لہٰذا ہم درخواست کریں گے کہ رویت ہلال کمیٹی کو ختم کیا جائے اور ہمارے تیار کئے گئے قمری کیلنڈر کو سرکاری حیثیت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قمری کیلنڈر کو ای سی او کے اجلاس کا حصہ بنانے کیلئے دفتر خارجہ کو درخواست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تیار کیا گیا قمری کیلنڈر اسلامی دنیا کا پہلا قمری کیلنڈر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، امریکہ نے ہمیں 10 انکیوبیشن سینٹرز بنا کر دیئے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے ذریعے تمام تر خریداری کی پیمنٹ کی جائے گی، اس سلسلہ میں ہم پیمنٹ آن موبائل کے نام سے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جو آئندہ 6 ماہ تک مکمل ہو جائے گا، اس کے بعد صارفین اپنی تمام خریداری کی پیمنٹ موبائل کے ذریعے کر سکیں گے جس کی وجہ سے تاجروں کے بہت سارے معاملات خود بخود حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جرائم پر کنٹرول کرنے کیلئے ای پالیسی کی طرف جانا ہے جس کے بعد جرائم کا تمام تر ریکارڈ شناختی کارڈ کے نمبر پر میسر ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ 17 اکتوبر کو سائنسی میلہ کا انعقاد پاکستان میں کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر کے تمام مشہور سائنسدانوں کو خاص طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ملالہ یوسفزئی، الین مس، بل گیٹس، ٹرپاکی، مارک زکر برگ سمیت دنیا بھر سے نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ اس عالمی کانفرنس کا موضوع ’’تھنک فیوچر‘‘ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میاں برادران پر تین بلین ڈالر کی کرپشن کا الزام ہے جس کی وضاحت دینے کی بجائے کبھی لیٹر سامنے آتے ہیں، کبھی ججوں کو خریدنے کی باتیں سامنے آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوری کئے گئے پیسے کی وضاحت کی جائے کہ یہ تین بلین ڈالر اور 16 کمپنیاں کہاں سے آئیں، جتنی محنت ویڈیو بنانے اور ججوں کو اپروچ کرنے میں کی جا رہی ہے اتنی وضاحت کرنے میں کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ 40 سالوں کے اثاثوں کی وضاحت کر دی ہے حالانکہ وہ ماضی میں کسی حکومتی عہدے پر نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی فیملی کے ساتھ گھر بیٹھ کر یہ فیصلہ کر لیں کہ کرنا کیا ہے کیونکہ ان کے دو بیٹے کہتے ہیں کہ ہمارے اوپر پاکستان کا قانون لاگو نہیں ہوتا اس لئے کہ ہم برطانوی شہری ہیں جبکہ مریم نواز خود کو پاکستانی قوم کی بیٹی کہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے ججوں کو خریدنے کے حوالہ سے ماضی میں بھی بہت کام کیا، اس حوالہ سے نسیم حسن شاہ کی کتاب موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں فیملی نے ہمیشہ دوسروں کے کندھوں کو استعمال کیا، کبھی اپنے بل بوتے پر کھڑے نہیں ہوئے اور ابھی مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری اثاثے اور ابو بچائو تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو غیر ملکی دوروں پر جاتے ہیں تو سیون سٹار ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں جبکہ ملک کا وزیراعظم عمران خان اپنے سفیر کے پاس رہائش اختیار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو چاہئے کہ وہ ان کے اثاثے فوری منجمد کرے جن سے یہ شاہ خرچیاں کرتے ہیں کیونکہ یہ قوم کے لوٹے گئے پیسے کو بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو جتنا نقصان آصف علی زرداری اور نواز شریف نے پہنچایا ہے اتنا ہی نقصان افتخار چوہدری نے بھی پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملہ پر افتخار محمد چوہدری اور ان کے ٹائوٹوں کو جیل میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری کے اثاثے منجمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کو ایڈن کے اوپر جتنا ایکشن لینا چاہئے اتنا نہیں لیا، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور شہزاد اکبر غیر جانبدارانہ طریقہ سے کام کر رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات