Live Updates

حکومت کیخلاف یہ تحریک رکنے والی نہیں ، ،عوام نے فیصلہ کر دیاہے سلیکٹڈ حکومت انہیں قبول نہیں، رہنمامتحدہ اپوزیشن

عوام نے یوم سیاہ منا کر انتخابی ڈھونگ کو آج پھر مسترد کر دیاہے ، یوم سیاہ کی کامیابی پر پوری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، عبدالغفور حیدری متحدہ اپوزیشن عوام کی عزت کرانا چاہتی ہے ۔ ہمارا صرف ایک مشن ہے کہ عوام کے ووٹ کو عزت دو، ہم سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے سے انکار کرتے ہیں ،بلاول بھٹو کے مشکور ہیں انہوں نے سلیکٹڈ کا لفظ دیا، سردار ایازصادق پتہ نہیں کیوں انہیں سلیکٹڈ لفظ سے تکلیف ہوتی ہے ، سلیکٹڈ لفظ پر سلیکٹرز کو تکلیف ہوتی ہے ، آج عوام نے سلیکٹڈ لفظ تبدیل کر دیا ہے ، اب عمران خان ریجیکٹیڈ وزیر اعظم ہے، ایمل ولی خان اور دیگرکا متحدہ اپوزیشن کے جلسہ سے باغ جناح میں خطاب

جمعرات 25 جولائی 2019 23:50

حکومت کیخلاف یہ تحریک رکنے والی نہیں ، ،عوام نے فیصلہ کر دیاہے سلیکٹڈ ..
�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2019ء) متحدہ اپوزیشن کے رہنمائوں نے کہاہے کہ حکومت کے خلاف یہ تحریک رکنے والی نہیں ، آئین کی حکمرانی بحال کرنے کے لیے سڑکوں پر آئیں گے ،عوام نے فیصلہ کر دیاہے کہ سلیکٹڈ حکومت انہیں قبول نہیں ۔ جمعرات کو باغ جناح کراچی میں متحدہ اپوزیشن کے جلسہ عام سے جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری ، پاکستان مسلم لیگ(ن)کے نائب صدر ایاز صادق ، اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رضا محمد رضااور نیشنل پارٹی کے اسحاق بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ 25 جولائی 2018 کو انتخابی ڈھونگ رچایا گیا تھا۔ عوام نے یوم سیاہ منا کر انتخابی ڈھونگ کو آج پھر مسترد کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

یوم سیاہ کی کامیابی پر پوری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ کراچی کے لوگوں نے اپوزیشن کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جعلی الیکشن کو مسترد کر دیاہے ۔ چاروں صوبوں میں یوم سیاہ کی کامیابی موجودہ حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں میں کوئی غیرت و حیا ہے تو وہ اقتدار چھوڑ دیں ۔ کراچی کے ایک جلسے میں لاکھوں لوگوں نے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے ۔ اقتدار میں آنے سے پہلے حکمرانوں نے غریبوں سے جو وعدے کیے ، وہ ایک بھی پورانہیں ہوا ہے ۔ معیشت کو آسمان پر لے جانے کے دعوے کرنے والوں کو کے لیے بجٹ بنانا مشکل ہو گیا ہے ۔ ڈالر کی قیمت کم کرنے اور معیشت کی ترقی کے دعوے پورے نہیں ہوئے ہیں ۔

ایک برس میں حکومت کا ایک بھی وعدہ پورانہیں ہوا۔ حکمرانوں نے دعوی کیاتھاکہ لوگ باہر سے سرمایہ کاری کرنے پاکستان آئیں گے ۔ باہر سے سرمایہ کی بجائے قرضہ پاکستان آیااور عوام کو مزید مقروض بنا دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے تاجر حکمرانوں سے خوش نہیں ہیں ۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک بھر میں ہزاروں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں ۔ صرف میڈیا انڈسٹری میں ایک لاکھ افراد بے روزگار ہوئے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے غریب کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے ۔ عوام بتائیں کہ ایسی حکومت کو مزید مہلت دینی چاہئے ۔ آج کے جلسے میں آصف علی زرداری اور نواز شریف کو ہونا چاہئے تھا۔ مارشل لا میں بھی ایسا جبر نہیں دیکھا ، جو جمہوریت کے نام پر فسطائیت قائم کر دی گئی ہے ۔ عوام اتنی تنگ ہے کہ حکمرانوں کو گریبان سے پکڑ کر باہر نکالیں گے ۔ عبدالغفور حیدری نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے عوام سے یہ عہد لیا کہ وہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے ۔

حکمران آئین پر عمل درآمد میں رکاوٹ نہ بنیں ۔ یہ ملک چلے گا تو آئین کے تحت چلے گا ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں الیکشن کا ڈھونگ رچایا گیا۔ مقتدر قوتوں کی مداخلت روکے جانے تک ملک میں جمہوریت مستحکم نہیں ہو گی ۔ مقتدر حلقے جب اپنا آئینی کام کریں گے تو ہم انہیں سر آنکھوں پر بٹھائیں گے ۔ جب تک تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام نہیں کریں گے ، محاذ آرائی کا خاتمہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کی بنیادہے ۔ آئین میں اسلامی دفعات کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت ہو گی ۔ ذوالفقار علی بھٹو نے متفقہ طور پر جو آئینی ترامیم کیں ، اسے دنیاکی کوئی طاقت ختم نہیں کرا سکتی ۔ ہماری تحریک یوم سیاہ پر ختم نہیں ہو گی ، جلد قائدین عوام کو آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے ۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما ایاز صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ اپوزیشن عوام کی عزت کرانا چاہتی ہے ۔

ہمارا صرف ایک مشن ہے کہ عوام کے ووٹ کو عزت دو ۔ ہم سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے سے انکار کرتے ہیں ۔ ہم بلاول بھٹو کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سلیکٹڈ کا لفظ دیا ۔ اب سلیکٹڈ لوگ چھپتے پھر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو آئین دینے والے ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جو سلوک ہوا ، وہ سب کے سامنے ہے ۔ آصف علی زرداری کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے 18 ویں ترمیم دی ۔

نواز شریف کا قصور یہ ہے کہ اس نے ایٹمی دھماکے کیے اور گوادر پورٹ دیا۔ سعد رفیق نے ریلوے کی آمدنی بڑھائی ، انہیں گرفتار کر لیاگیا۔ شیخ رشید کے دور میں 11 ماہ میں 80 ایکسیڈنٹ ہوئے ، کسی نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کوئی دکھائی نہیں دیتا ۔ ہمارا قبلہ امریکا نہیں خانہ کعبہ ہے ۔ عمران خان نے امریکامیں خفیہ معاہدے کرکے پاکستان کی ناک کٹوا دی ۔

امریکی صدر نے کہاکہ پاکستان کی پہلے کی حکومتوں نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ امریکی صدر کی بات یہ ثابت ہو گیاہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے امریکا کی ہاں میں ہاں نہیں ملائی ۔ اسامہ بن لادن سے متعلق وزیر اعظم کی بات پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو پتہ نہیں تھاکہ اسامہ بن لادن کے متعلق معلومات کس نے فراہم کیں ۔ عمران خان نے پارلیمنٹ کے بند کمرے میں دی گئی بریفنگ منظر عام پر لاکر سنگین غلطی کا ارتکاب کیا۔

عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلنا چاہئے ۔ یہ بلاول او رمریم سے خوف زدہ ہیں ۔ حکمرانوں نے ایک کروڑ لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔ آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالرز تو لے لیے لیکن کیا کرنا ہے ، کچھ پتہ نہیں ۔ نیشنل پارٹی کے رہنما اسحاق بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نئے پاکستان کے کھوکھلے نعرے کی آڑ میں عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری دی گئی ہے ۔

آئینی اداروں کو اپنے مقاصد اور سیاسی مخالفین کی کردار کشی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 18 ویں ترمیم پر حقیقی معنوں پر عمل درآمد کیا جائے ۔ 18 ویں ترمیم نے پاکستان کو وفاقی ممالک کی صف میں شامل کیا ۔عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے مرکزی رہنما ایمل اسفند یار ولی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ اپوزیشن نے کراچی سمیت چاروں صوبائی دار الحکومت میں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا ۔

پتہ نہیں کیوں انہیں سلیکٹڈ لفظ سے تکلیف ہوتی ہے ۔ سلیکٹڈ لفظ پر سلیکٹرز کو تکلیف ہوتی ہے ۔ آج عوام نے سلیکٹڈ لفظ تبدیل کر دیا ہے ، اب عمران خان ریجیکٹیڈ وزیر اعظم ہے ۔ 25 جولائی 2018 کو شام 5 بجے کے بعد پورا انتخابی عمل ہائی جیک کر لیا گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک مقدس پارٹی کو انتخابات میں کامیاب کراکر حکومت سونپی گئی ۔ افسوس کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن کرانے میں ناکام ہوا ۔

الیکشن کمیشن بطور ادارہ اپنی عزت کھو چکا ہے ۔ دفاعی اور عدالتی ادارے اپنی عزت کھو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی پر کسی ادارے نے کوئی نوٹس نہیں لیا ۔ اقتدار پر غیر مقبول لوگوں کو بٹھا کر اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔ جمہوریت کے لیے تسلسل کے ساتھ سیاسی جدوجہد جاری ہے ۔ خدائی خدمت گار باچا خان نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ۔

باچا خان کے افکار کی روشنی میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ تحریک آزادی کے جانشین سندھ کے قبرستانوں میں دفن ہیں ۔ قوم کی آزادی ان کا تقدس ہے ۔ سندھیوں سمیت کوئی بھی غلامی قبول نہیں کرے گا۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما رضا محمد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ۔ پشتونوں کی قیادت کو اسمبلیوں سے باہر نکال دیا گیا ۔

عوام نے یوم سیاہ کے موقع پر حکومتی اقدامات کو یکسر مسترد کیا۔ ملک بھر میں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم تھا ۔ اس وقت کوئی ادارہ آئین کے مطابق کام نہیں کر رہا ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے ۔ آصف علی زرداری کو 18 ویں ترمیم کی سزا دی جا رہی ہے ۔ 18 ویں ترمیم نے صوبوں کو خود مختاری کا حق دیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات