بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کیخلاف آزادکشمیر اور دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی و کشمیری سخت جذباتی کیفیت میں ہیں، محمد فاروق حیدر

آزادکشمیر کے عوام کی جانب سے کنٹرول لائن روندنے کیلئے سیاسی قیادت پر سخت دبائو ہے،کل جماعتی کانفرنس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے دوسرے سیشن میں جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 11 ستمبر 2019 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آزادکشمیر اور دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی و کشمیری سخت جذباتی کیفیت میں ہیں۔آزادکشمیر کے عوام کی جانب سے کنٹرول لائن روندنے کیلیے سیاسی قیادت پر سخت دباو ہے۔

کل جماعتی کانفرنس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا دوسرا سیشن ہو گا جس میں جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔آزادکشمیر حکومت کے تمام وسائل تحریک آزادی کشمیر کے لئے حاضر ہیں۔میڈیا نے تحریک آزادی کیلئے بہترین کردار ادا کیا ہے اسے جاری رہنا چاہیے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی کانفرنس کے بعد کانفرنس کے شرکاء کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین ،صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر،سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ،وزیر ہائر ایجوکیشن وقار احمد نور،جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،مسلم کانفرنس کے ممبر اسمبلی سردار صغیر چغتائی ،ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی ،جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی سردار حسن ابراہیم ،امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود ،کنوینر حریت کانفرنس سید عبداللہ گیلانی،نمائندہ یٰسین ملک رفیق ڈار،سابق صدر سردار انور خان ،سابق چیف جسٹس سید منظور گیلانی ،صدر جمعیت اہل حدیث دانیال شہاب،صدر پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ چوہدری منیر ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے مکمل مشاورت کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور پھر وہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وادی میں کوفیو کو 38 دن ہو گئے ہیں غیر معینہ مدت کے کرفیو کے دوران کشمیری عوام کو محبوس کر کے رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر ہمارے اپنے عوام کی جانب سے بڑا دباو ہے کہ کنٹرول لائن کو عبور کیا جائے۔

انہوں نے کہا لوگوں کے اندر ایک جذبہ اور امنگ ہے یہی وجہ ہے کہ کھوئی رٹہ اور چڑہوئی سے بہادر کشمیری نوجوانوں نے کنٹرول لائن روند ڈالی حالانکہ انہیں پتہ تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے گولی آئیگی۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کا جذبہ پہلے سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر سب سے بڑی انسانی جیل بن چکی ہے جہاں 90 لاکھ افراد بند ہیں۔

انہوں نے کہا کشمیری عوام بہت بڑے انسانی المیے کا شکار ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت خود کو برٹش راج کا successar سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے کئی افراد شہید اور زخمی ہوے۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیری عوام کی قربانیوں کی وجہ سے اسوقت کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا ہے اور ہم سب ان بہادر اور نڈر کشمیرہوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجینڈا رائے شماری ہے کیونکہ یہی وہ طریقہ ہے جس کی بنائ پر ہم دنیا کو اپنے موقف سے انسپائر کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات کو دنیا میں پذیرائی نہیں ملی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کا مشکور ہوں جو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے بہادر کشمیری بیٹیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ غیر معینہ مدت کے کرفیو کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کی گردن کو جھکا نہیں سکا ہے۔اس سے پہلے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں کل جماعتی کانفرنس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوے اس بات کی ضرورت پر زور دیا گیا کہ عالمی برادری کشمیر کے حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کرے۔

شرکاء نے اس حوالے سے اپنی تجاویز دیں اور وزیراعظم پر اس حوالے سے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے ایگزیگٹو کمیٹی کو اپنے بیرون ملک دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری اور پاکستانی اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں.کل جماعتی کانفرنس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سینٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر راجہ ظفرالحق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔