Live Updates

وزیر اعظم کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ،

دنیا بھر کے مسلمانوں کاعمران خان کو زبردست خراج تحسین پیش

ہفتہ 28 ستمبر 2019 13:43

وزیر اعظم کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کیلئے جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی، پہلی بار کشمیریوں کے مصائب بہترین انداز میں دنیا کے سامنے بیان کیے گئے، دنیا کو مستقل اور واضح پیغام کے ذریعے ہی کشمیریوں کی مدد پر قائل کیا جاسکتا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب کے حوالے سے ٹوئٹر تعریقی پیغامات سے بھر گیا جبکہ ’عمران خان وائس آف کشمیر‘ عالمی پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے وزیراعظم کے خطاب کو اپنے انداز میں سراہا۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج نے ٹوئٹ کیا 27 فروری …….27 ستمبر۔واضح رہے کہ27 فروی 2019 کو بھارتی فوج کی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے 2 طیارے مارے گرائے تھے جب کہ ایک پائلٹ ( ابھی نندن) کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔ایک اور ٹوئٹ میں ترجمان پاک فوج نے وزیراعظم کے آخری گولی اور آخری سانس تک لڑنے کے بیان اورعزم کوسراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ چند ماہ کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے، ان کی کشمیری عوام کیلئے جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ اب دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو ہر گز نظر انداز نہیں کرسکتی۔ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پہلی بار کشمیریوں کے مصائب دنیا کے سامنے بہترین انداز میں بیان کئے گئے ہیں، وزیراعظم نے اپنے وعدے کو پورا کردکھایا وہ کشمیر کاز کے چمپئن ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے وزیراعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ زبردست مسٹر خان نے آپ نے کردکھایا۔پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نے کشمیر کا مقدمہ بہادری کے ساتھ لڑا اوراسلامو فوبیا پر بھی بات کرنے کی ہمت کی جو کہ اس سے قبل کسی مسلم رہنما نے نہیں کی۔ معروف گلوکار، میزبان اور کمنٹیٹر فخر عالم نے وزیراعظم کی تقریر کو کرکٹ کمنٹری کے انداز میں سراہا،انہوںنے کہاکہ پہلا اوور موسمیاتی تبدیلی پر تھا جس پر کیچ کرنے کے ساتھ بولڈ بھی کیا، دوسرا اوور منی لانڈرنگ پر تھا جس میں ایل بی ڈبلیو کیا، تیسرے اوور میں اسلامو فوبیا کو رن آؤٹ کیا اور چوتھے اوور میں مودی اور آرایس ایس کو کلین بولڈ کردیا،،فخر عالم کے مطابق یہ عمران خان کی زندگی کا سب سے اہم ، معنی خیز اور تباہ کن اسپیشل تھا۔

سوئیڈن کی یونیورسٹی میں پروفیسر اور انڈیا سے تعلق رکھنے و الے معروف ماہر بین الاقوامی امور اشوک سوین نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان نے توقع کے مطابق جنرل اسمبلی میں کشمیر سے متعلق زیادہ باتیں کیں تاہم اس کے ساتھ انہوں نے آر ایس ایس کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کو تربیت فراہم کررہی ہے جو مسلمانوں کو قتل کررہے ہیں ، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ہندو توا دہشت گردی کا ذکر اقوام متحدہ اور کسی بین الاقوامی تنظیم کے سامنے ہوا ہے۔

امریکی صحافی اور سوشل میڈیا پر پاکستان پر رپورٹنگ کے حوالے سے معروف خاتون سنتھیا ڈی رچی نے وزیراعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی چیز پاکستان کو متحد کرسکتی ہے تو وہ مودی کی جانب سے کشمیر میں کئے گئے اقدامات ہیں، اکثر اوقات بحران ہی انسانوں کو متحد کرتے ہیں۔ دنیا کو مستقل اور واضح پیغام کے ذریعے ہی کشمیریوں کی مدد پر قائل کیا جاسکتا ہے۔

معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان اور کشمیر کے ہی نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیڈر ہیں اور دنیا میں انسانیت اور اسلام کی بڑی آوازوں میں سے ایک ہیں۔سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان ایک مضبوط ، خوددار اور بے خوف شخصیت ہیں،مجھے اپنے پاکستانی اور مسلمان ہونے پر فخر ہے کہ میرا آپ جیسا لیڈر ہے۔

اداکارہ وینا ملک نے ٹوئٹ کیا کہ عمران خان نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا، دنیا بھر میں کشمیر پر بات کی جارہی ہے اور کشمیر ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے یہ سب عمران خان کی کرشماتی شخصیت کا نتیجہ ہے۔قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نے بہترین تقریر کی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی، منی لانڈرنگ کے سد باب ، اسلامو فوبیا اور پیغمر اسلام ؐکی توہین اور مسئلہ کشمیر جیسے اہم موضوعات پر بات کی۔

معروف وکیل اور انسانی حقوق کے کارکن جبران ناصر نے ٹوئٹ کیا کہ عمران خان نے کشمیر میں بے جے پی کی زیر قیادت بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف وجوہات بیان کیں بلکہ ان کے نتائج پر اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا۔معروف اسپورٹس جرنلس زینب عباس نے ٹوئٹ کیا کیا تقریر تھی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے ٹوئٹ کیا کہ اگر اقوام متحدہ مقوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت پر کچھ نہیں کرتا تو پھر اس ادارے کی موجودگی کا کیا مقصد بچتا ہے۔

بوم بوم آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اس تقریر کا بے تابی سے انتظار کررہے تھے،ہمیں اپنے وزیراعظم پر فخر ہے جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے ہم سب کے دلوں کی ترجمانی کی۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے آج ثابت کیا کہ وہ پاکستان اور اسلام کے بہترین ترجمان ہیں، وہ برصغیر میں امن کے سفیر ہیں اور عالمی رہنما بن کر ابھر رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی وزیراعظم کی تقریر کی تعریف میں ٹوئٹ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات