وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس

متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظو ر،مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو ،لاک ڈائون ،نہتے عوام کی معاشی ناکہ بندی کی شدید مذمت نئی دہلی میں مسلمانوں کے قتل عام ان کی املاک تباہ کرنے اور خواتین کو بے آبروکرنے کے واقعات کی بھی مذمت عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور تنظیموں سے لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر ہندوستان کے خلاف سخت ترین ایکشن لینے کا مطالابہ

بدھ 11 مارچ 2020 20:16

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2020ء) وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظو ر کی گئیں۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا آج کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو ،لاک ڈائون ،نہتے عوام کی معاشی ناکہ بندی کی مذمت شدید کرتا ہے ۔

5اگست 2019کے بعد ہندوستان نے مقبوضہ وادی میں مظالم کا سلسلہ تیز تر کرنے کے ساتھ ساتھی بھارتی مسلمانوں پر ظلم ،قتل و غارت اور نسل کشی شروع کر رکھی ہے ۔اس سے عالمی برادری کی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔بھارت نے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے سفارت کاروں کا دورہ کرایا اور انہیں اصل حقائق تک معلومات کے لیے کوئی رسائی نہیں دی گئیں ۔

(جاری ہے)

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نوجوانوں ،حریت رہنمائو ں حتیٰ کہ کٹھ پتلی سیاستدانوں کو بھی محصور کر رکھا ہے ۔وقت اور حالات کا تقاضہ ہے کہ دنیا ان واقعات کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب کی قراردادوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ۔کابینہ کا یہ اجلاس ہندوستان کے دارلحکومت نئی دہلی میں سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں کے قتل عام ان کی املاک تباہ کرنے اور خواتین کو بے آبروکرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوے دنیا کو خبردار کرتا ہے کہ پانچ اگست کے بعد جو کچھ مقبوضہ کشمیر میں ہوااب انتہا پسندسوچ کے علمبردار مودی اس کا دائرہ کار پورے ہندوستان تک بڑھا رہا ہے اب خطے کو ہندو انتہا پسندی سے نجات دلانے اور ہندوستان کے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا حالیہ واقعات نے ہندوستان کے نام نہاد سیکولرازم اور بڑی جمہوریت کے دعوے کی قلعی کھول دی ہے ۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس جنگ بندی لائن پر سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ ،گولہ باری اور کلسٹر ایمونیشن کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوے عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر ہندوستان کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے ۔

آزادکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس آزادکشمیر کے دفاع اور ہندوستانی عزائم کے خلاف سینہ سپر پاک فوج کولائن آف کنٹرول پر بھرپور جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوے یقین دلاتا ہے کہ دفاع وطن کے لیے آزادکشمیر کا بچہ بچہ اپنی مسلح افواج کے ہمراہ ہر قربانی کے لیے تیار ہے ۔وطن عزیز کے دفاع ،ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ ،جنگ بندی لائن پر عوام کی حفاظت کے لیے پاک فوج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ او،آئی ،سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری اور کشمیر سے متعلق خصوصی نمائندے یوسف الدوبے کے دورہ کا خیر مقدم کرتی ہے اور اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ او ،آئی ،سی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم ،محصور ،بھائیوں کو مظالم سے نجات اور ان کے حق خودارادیت کے لیے موئثر کردار ادا کرے گی ۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت ،اقدامات ،پالیسیوں اور کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔

ساڑھے تین سال کے دوران آئینی ،مالیاتی ،انتظامی معاملات میں انقلابی اصلاحات نے ریاست کو ترقی ،خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ترقیاتی بجٹ ،فنڈز کی منصفانہ تقسیم سے بلا تخصیص عوامی مسائل حل ہو رہے ہیں ۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کے کے ورثا سے اظہار ہمدردی کرتی ہے ۔ کرونا وائرس سے آزادکشمیر کو محفوظ رکھنے کے لیے جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں کابینہ ان پر بھی اعتماد کا اظہار کرتی ہے ۔

کابینہ کا یہ اجلاس اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی اور مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال نے پاکستان کا جو تصور پیش کیا تھا کی تکمیل کے لیے حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار پر چلتے ہوئے تکمیل پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا ۔