نیویارک ،یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر پر امن مارچ

منگل 13 جولائی 2021 22:48

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) واشنگٹن میںقائم ورلڈکشمیر اوئیرنس فورم کے زیر اہتمام نیویارک کے تاریخی ٹائمز اسکوائر میں 13جولائی 1931کے شہداء سمیت جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے جملہ کشمیری شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پر امن مارچ کیاگیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر نے کہاکہ 13جولائی کو دنیا بھر میں مقیم کشمیری 1931میں اس دن کشمیری مسلمانوں کے پہلے قتل عام کے شہدء کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

1947 میں بھارت نے جموں و کشمیر پر فوج کشی کر کے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوںکو شہید ، بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں اور کشمیریوںکو طویل عرصے کیلئے جیلوں میں نظربند کردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیںجس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو بھارتی تسلط سے جموںوکشمیر کی آزادی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوںنے امریکی صدر جوبائیڈن سے اپیل کی کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بھارت ، پاکستان اورکشمیریوں کے حقیقی نمائندوںکے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیزمذاکراتی عمل شروع کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔ ورلڈکشمیر اوئیرنس فورم کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی اس موقع پر کہاکہ 13جولائی1931کو قابض ڈوگرہ فوجیوں نے سرینگر سنٹرل جیل کے باہر 22کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھااور ہر سال کشمیری اس دن دنیا بھر میںشہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پر امن احتجاج ، سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ 1989سے آج تک بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوںکی یاد میں یوم شہداء منایا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر فائی نے مزید کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیںانہیں ان کا یہ بنیادی حق دینے سے بھارت مسلسل انکار کر رہا ہے جس کی ضمانت کشمیریوںکو اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے دی تھی۔

اس موقع پر جارج واشنگٹن یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے پروفیسر ڈاکٹر امتیاز خان ، خالصتان افیئرز سینٹر کے صدر ڈاکٹر امرجیت سنگھ ، پاکستان کے سینئر صحافی عارف الحق عارف، جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماء سردار حلیم خان ، غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء مسرت عالم بٹ کے نمائندے سلیم قادری، پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر خالد اعوان ، مظاہرے کے منتظمین بشمول سردار تاج خان اور سردار ظریف خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور 13جولائی 1931کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔