Live Updates

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بڑے شہروں میں شکست پر عمران خان کا اظہار برہمی

راولپنڈی، لاہور، پشاور، اور ملتان میں کو شکست کی وجوہات جاننے کے لیے پارٹی کے اعلی عہدیداروں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 ستمبر 2021 12:31

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بڑے شہروں میں شکست پر عمران خان کا اظہار ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 ستمبر ۔2021 ) وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں چار بڑے شہروں راولپنڈی، لاہور، پشاور، اور ملتان میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی شکست پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے. انگریزی جریدے ”ڈان“ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم نے معاملے پر ہنگامی اجلاس میں پی ٹی آئی کے اعلیٰ عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ اہم شہروں میں برسر اقتدار جماعت کی شکست کی وجوہات معلوم کریں.

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رابطہ کرنے پر جریدے کو بتایا کہ اگرچہ وزیر اعظم نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی مجموعی فتح پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کو معاملے کا تجزیہ کرنے کا ٹاسک سونپا ہے. گزشتہ اتوار کو 41 بورڈز میں ہونے والے کنٹونمنٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 63 وارڈز میں کامیابی کے ساتھ سب سے آگے ہے اس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) 59 وارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، آزاد امیدوار 51 وارڈز کے ساتھ تیسرے، پاکستان پیپلز پارٹی 17 وارڈز کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ 10 وارڈز کے ساتھ پانچویں، جماعت اسلامی 7 وارڈز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہی، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) 3 اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) 2 وارڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی.

وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکام کو پنجاب میں فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، فواد چوہدری، شفقت محمود، مخدوم خسرو بختیار، غلام سرور خان، چوہدری طارق بشیر چیمہ اور مونس الہٰی کے علاوہ پنجاب کے صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور سینیئر افسران نے شرکت کی.

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے حکومت پنجاب نے وزیر اعظم کو صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے آگاہ کیا وزیر اعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی حکومت، جمہوریت کا بنیادی ڈھانچہ ہے اور مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے. انہوں نے متعلقہ عہدیداران کو کہا کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخابات کو یقینی بنائیں ایک الگ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اسٹیل ملز اور جناح کنونشن سینٹر سمیت دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی.

وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے وزیر اعظم کو مختلف اداروں کی نجکاری کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی وزیراعظم کو 13 سے 21 ستمبر تک منعقد ہونے والے روڈ شوز کے حوصلہ افزا نتائج پر بھی اپ ڈیٹ کیا گیا جس کا مقصد پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات