Live Updates

اقوام متحدہ میں دلیرانہ موقف اپنانے پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

عمران خان نے صرف پاکستان نہیںعالم اسلام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ‘ رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی قرارداد کا متن

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:31

اقوام متحدہ میں دلیرانہ موقف اپنانے پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دلیرانہ موقف اپنانے اور مسلمانوں کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں تاریخ ساز اور جامع خطاب کیا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے نا صرف پاکستان کے مسلمانوں بلکہ عالم اسلام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا مضبوط موقف اپناتے ہوئے بھارت اور یورپ کے اسلاموفوبیا کو فروغ دینے اور اس پر کنٹرول کرنے پر کھل کر اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے سپرپاور بننے کی خواہش میں اسلحے کی دوڑ کو روکنے، پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو روکنے پر بھی اظہار کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے ، موسمیاتی تبدیلی میں درختوں کی اہمیت واضح کرنے کے حوالے سے بھی بات کی ۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کے معاملات، مشکلات اور اس سے متعلق اقوام عالم کی پالیسی میں تبدیلی کی اہمیت اور کشمیر میں بھارتی مظالم سمیت کئی اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہارکر کے اقوام عالم کی آنکھیں کھول دی ہیں۔پاکستانی قوم وزیر اعظم عمران خان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دلیرانہ موقف اپنانے اور مسلمانوں کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات