Live Updates

بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے، ہمارے شہید جوانون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،فوا د چوہدری

دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، اپنے شہید جوانوں کے خون کا پورا حساب لیا جائیگا،اسحاق ڈار اور نواز شریف نے معیشت کا کباڑہ کیا، ہم اسے نہیں بھول سکتے، عمران خان کے آگے اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر بھی ڈھیر ہیں،تمام سیاسی جماعتوں میں عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں، ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، وزیر اطلاعات

ہفتہ 29 جنوری 2022 19:12

بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے، ہمارے شہید جوانون ..
ہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے، ہمارے شہید جوانون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، اپنے شہید جوانوں کے خون کا پورا حساب لیا جائیگا،اسحاق ڈار اور نواز شریف نے معیشت کا کباڑہ کیا، ہم اسے نہیں بھول سکتے، عمران خان کے آگے اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر بھی ڈھیر ہیں،تمام سیاسی جماعتوں میں عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں، ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، ان کی فیملیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،پاک فوج کے بہادر سپاہیوں نے اس ملک کے لئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کا ہر فرد پاک فوج کے شہید جوانوں کا احسان مند ہے، ہم ان کی قربانیوں کا مداوا نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے جوانوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھائیں، پوری قوم ان شہیدوں کے والدین اور ان کی فیملیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے، ہمارے شہید جوانون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پہلے بھی دشمنوں کو ناکوں چنے چبھوائے تھے، اب بھی پوری طرح تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان توڑنے کی بات کرنے والوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ پاکستان انشاء اللہ تاقیامت قائم رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، اپنے شہید جوانوں کے خون کا پورا حساب لیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے، ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں لٹی پٹی معیشت ورثہ میں ملی، جب عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا رہے تھے تو ہمارے پاس وسائل نہیں تھے، معیشت کا برا حال تھا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا جو حشر کیا اس کی گواہی ان کے اپنے وزیر خزانہ نے دی۔ انہوںتنے کہاکہ اسحاق ڈار اور نواز شریف نے معیشت کا کباڑہ کیا، ہم اسے نہیں بھول سکتے، ہم نے معیشت کی دوبارہ بنیاد رکھی، آج 100 بڑی کمپنیوں کا منافع 929 ارب روپے ہے۔

انہوںنے کہاکہ میڈیا ہائوسز کے منافع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، کچھ میڈیا مالکان نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے، باقی اداروں اور کمپنیوں سے بھی گذارش ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ زراعت سمیت ملک میں صنعتیں اپنے پائوں پر کھڑی ہیں، پاکستان کی سیاست میں کہرام مچانے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ سینیٹ میں اپوزیشن کو برتری حاصل تھی، برتری کے باوجود اپوزیشن ناکام ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ثابت ہو گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو بھرپور طریقے سے اکثریت حاصل ہے، عمران خان کے آگے اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر بھی ڈھیر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں میں عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ن لیگ اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں چوں چوں کا مربع ہے، جس طرح انہیں سینیٹ میں شکست ہوئی یہی سلسلہ آگے بھی نظر آتا رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہوگا، اس دورہ سے پاکستان اور چین کے مابین روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم اگلے چند ماہ کے دوران مزید غیر ملکی دورے کریں گے، ان دوروں سے عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت میں مزید اضافہ ہوگا اور خارجہ پالیسی کو استحکام ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ اس سال پاکستان کی کامیابیوں کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم اور بلاول کا قد نہیں کہ وہ قومی لیڈر بن سکیں، انہیں چاہئے کہ وہ پہلے میئر کا الیکشن لڑیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں بادشاہت کا نظام نہیں کہ یہ لوگ براہ راست آ کر گدی پر بیٹھ جائیں گے، سیاسی نومولود اپنی سینئر قیادت کے لئے پوزیشنز خالی کریں۔ انہوںنے کہاکہ (ن )لیگ کے اندر بھی تبدیلی کی بحث چل رہی ہے، ن لیگ کے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ شریف فیملی کی جگہ نئے لوگوں کو آنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی بحث پی پی پی کے اندر بھی ہونی چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ بلاول اور مریم اگر پراسیس کے ذریعے اوپر آئیں گے تو ان کا حق ہے، اس کے بغیر اوپر آئیں گے تو یہ زیادتی ہوگی، اپوزیشن جماعتوں کی نہ پارلیمان کے اندر اور نہ باہر کوئی قدر ہے، انہوں نے حکومت کے خلاف ساتویں مرتبہ تحریک چلانے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمان کے مدرسوں کے بچوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے، مولانا فضل الرحمان کی مدرسوں کے بچوں کو سیاست میں استعمال کرنے کی ریت بہت پرانی ہے،ان بچوں کی بنیاد پر وہ حکومت کے خلاف تحریک چلا لیں گے تو ایسا ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام چاہتے ہیں کہ ملک سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے، مریم نواز اور نواز شریف سے ہماری ذاتی لڑائی نہیں، ہم ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ نواز شریف سے جن مہنگے اپارٹمنٹس میں ملاقاتیں کرتے ہیں، نواز شریف ان اپارٹمنٹس کا انکار کر رہے ہیں کہ یہ ان کے نہیں ہیں،نواز شریف کے ماہانہ کروڑوں روپے کے اخراجات ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے ذریعہ آمدن کیا ہے، کچھ پتہ نہیں، ان کے ٹیکس کو دیکھا جائے تو ان کی دولت غیر قانونی ہے جو قوم کا لوٹا ہوا پیسہ ہے، برطانوی حکومت نے نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی دو اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتی معاملات میں وقت لگتا ہے، اس لئے ابھی سے انہوں نے کہنا شروع کر دیا ہے کہ وہ پاکستان آ رہے ہیں، نواز شریف کو پتہ ہے کہ انہیں مزید موقع نہیں ملے گا، انہیں واپس آنا ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن کے لوگ ایک دوسرے کی تاڑ میں ہیں کہ آنکھ جھپکے اور دوسرا فائدہ حاصل کرلے،اس بات کی فکر ہے کہ یہ ایک دوسرے کے کپڑے نہ پھاڑ لیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن کا پارلیمان میں نکتہ نظر الگ اور باہر الگ ہوتا ہے، ان کے پاس لیڈر شپ نہیں ہے، ن لیگ کے اندر بھی شدید لڑائی ہے، اسی طرح پیپلز پارٹی میں بھی استحکام نظر نہیں آتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن پی ٹی آئی کا مقابلہ نہ کر سکی ہے اور نہ کر پائے گی، چوہدری شجاعت کا احترام کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کسی کا خیال ہے کہ ہم احتساب کے عمل سے پیچھے ہٹ جائیں گے تو ہمارا ووٹر اس بات کی اجازت نہیں دیتا، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ راوی منصوبہ ہائوسنگ سوسائٹی نہیں، پورا شہر بن رہا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات