آزادکشمیر میں جس پیار محبت اور عقیدت کا عوام، لیگی کارکنان نے اظہار کیا وہ میری زندگی کا سرمایہ ہے،محمد فاروق حیدر

(ن) لیگ کا ادنی سا کارکن ہوں ،کارکنان مطمئن رہیں ،عزت اور وقار ہمیشہ مقدم رکھوں گا،عام انتخابات میں جماعت کیخلاف الیکشن لڑنے ،مخالفت کرنیوالوں کو جماعت میں کوئی عہدہ نہیں دیا جائیگا، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 4 جولائی 2022 16:35

چکار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2022ء) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اندر جس پیار محبت اور عقیدت کا عوام، بالخصوص مسلم لیگی کارکنان نے اظہار کیاہے وہ میری زندگی کا سرمایہ اور ناقابل فراموش ہے، آزادکشمیر کی مسلم لیگ ن کی قیادت کا انتخاب مرکزی قیادت کا اختیار ہے، قائد صرف نوازشریف اور ہم سب کارکن ہیں ہم سب نے ملکر جماعت کو مظبوط بنانا ہے ،میں میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا ادنی سا کارکن ہوں ،میرے کارکنان مطمئن رہیں انکی عزت اور وقار ہمیشہ مقدم رکھوں گا۔

جن لوگوں نے عام انتخابات میں جماعت کے خلاف الیکشن لڑا، یا مخالفت کی انہیں جماعت میں کوئی عہدہ نہیں دیا جائیگا، میرا کوئی چاہنے والا کسی صورت جماعتی پالیسی کے خلاف کوئی بیان جاری نہ کرے، ہم ایک منظم قوت ہیں ہماری طاقت اتحاد اور اتفاق میں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اپنے حلقہ انتخاب چکار کی یونین کونسل سلمیہ کے ذمہ داران اور کارکنان سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میاں نواز شریف پاکستان کے محسن ہیں۔مجھے جماعت کے لیے جو قربانی دینی پڑی دوں گا۔جماعت کے لیے دن رات کام کرنے والوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، کارکنان کی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا مطمئن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کے دونوں حلقوں میں جماعت کی تنظیم سازی کا عمل عید کے فوری بعد مکمل کرلیا جائیگا۔

مقبوضہ جموں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں کشمیر سے کشمیری حریت پسند رہنمائوں اور کارکنان کو ہندوستان کی جیلوں میں منتقل کرنا بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ہندوستان کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندانہ سوچ ہندوستان کو خطے میں مذہبی انتہا پسندی کا مرکز بنا رہی ہے نبی آخر الزمانؐ کی شان میں بی جے پی کے ترجمان کی گستاخی بھاجپا کی مجموعی سوچ کی عکاسی کرتی ہے ، جب سے مودی ہندوستان میں آیا ہے انتہا پسندوں نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر زندگی اجیرن بنا کر دکھ دی ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ یاسین ملک کی سزا ، کشمیری لیڈروں اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے ہندوستان منتقل کرنا کشمیری قیادت اور تحریک مزاحمت کو ختم کرنے کا ہندوستان کا ناپاک منصوبہ ہے جس کے خلاف کشمیریوں کو دنیا بھر میں آواز اٹھانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے باالخصوص اقوام متحدہ ہندوستانی جیلوں میں کشمیریوں کی منتقلی کا فوری نوٹس لیں۔ سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چکار ہسپتال میں گیسٹرو وباء کے پھیلاؤ سے بیمار مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کرت ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔