Live Updates

سیلاب کی طرح سارا ملک کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، خواجہ آصف

یہ وہ مافیا ہے جس نے چار سال پاکستان کو لوٹا اور اب احتساب سے بچنا چاہتے ہیں، عمران خان چاہتا ہے دوبارہ اقتدار ملے، وزیر دفاع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 26 مارچ 2023 19:04

سیلاب کی طرح سارا ملک کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مارچ 2023ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیلاب کی طرح سارا ملک کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ مافیا ہے جس نے چار سال پاکستان کو لوٹا اور اب احتساب سے بچنا چاہتے ہیں، عمران خان چاہتا ہے دوبارہ اقتدار ملے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا پی ڈی ایم جب سے بنی تب سے ہم نےکوئی ایسی بات نہیں کی جوآئین کے خلاف ہو، ہمیں تباہ حال معیشت ملی جسے بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔

ان کا کہنا تھا کرپشن سے سیلاب کی طرح سارا ملک ڈوبا ہوا ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے اور کرپشن پر قابو پالیں۔ رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ یہ وہ مافیا ہے جس نے چار سال پاکستان کو لوٹا اور اب احتساب سے بچنا چاہتے ہیں، عمران خان چاہتا ہے دوبارہ اقتدار ملے اور خاندان سمیت کرپشن کرنےکا موقع ملے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان کا بیانیہ اب نہیں چلتا، سازش کا سفر امریکا سے شروع ہوا جو بعد میں محسن نقوی، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پر آ گیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا نواز شریف جلد آرہے ہیں لیکن تاریخ نہیں دوں گا، نواز شریف کے واپس آنے کے بعد بہت بہتری ہو گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ اکتوبر میں سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس ہو گا۔

ن لیگ لائرز ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے مگر الیکشن سے پہلے انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرنے ہوں گے، عمران خان جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے سلیکٹ ہونا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے انٹرویو میں خود کہا کہ عمران خان خطرناک شخص ہے، اب انہوں نے جوڈیشل اسٹبشلمنٹ ڈھونڈ لی ہے، جنرل باجوہ کہتے ہیں کہ بیگمات کے کہنے پر عدالت کے فیصلے ہوتے تھے، ان کی باقیات عدلیہ میں موجود ہے یہ اب ان پر تکیہ کیے بیٹھے ہیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات