اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ صرف وزیراعظم سے ہی ہو سکتے ہیں

وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا بذریعہ ٹویٹ اکاؤنٹ پیغام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 2 جون 2023 14:30

اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ صرف وزیراعظم  سے ہی ہو سکتے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون 2023ء) وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ صرف وزیراعظم شہباز شریف سے ہی ہو سکتے ہیں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کیس تحریک انصاف سے علیحدگی والا نہیں ہے۔ پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے حالیہ دور میں بہت کرپشن کی اور فرح گوگی والا کام بڑے دھڑلے سے کیاگیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹھیکوں میں 10فیصد کمیشن اور گرین لینڈ کو براؤن لینڈ کروا کر اربوں روپے کمائے، جہاز کے ذریعے مونس الٰہی نے ڈالرز بیرون ملک منتقل کیے۔
۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پروگرام’’ آپس کی بات ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کیس فقط تحریک انصاف سے علیحدگی کی پریس کانفرنس والا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی نے ٹھیکوں میں 10 فیصد کمیشن اور گرین لینڈ کو براؤن لینڈ کروا کر اربوں روپے کمائے،جہاز کے ذریعے مونس الٰہی نے ڈالرز بیرون ملک منتقل کیے۔ قبل ازیں نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ پرویزالٰہی کو گھر سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا،پرویزالٰہی کی گاڑی بلٹ پروف تھی،مزاحمت پر ڈرائیور سائیڈ کا شیشہ توڑا گیا تو اندر سے پرویزالٰہی برآمد ہوئے،وہ اینٹی کرپشن کیس میں پولیس کو مطلوب اور مفرور تھے۔

انہوں نے کہا کہ گھر سے دو گاڑیاں نکلیں ایک گاڑی میں پرویزالٰہی اور دوسری گاڑی میں خواتین تھیں،پولیس نے گاڑی کو ناکے پر روکا کہ چیک کرنی ہے،ان کی گاڑی بلٹ پروف تھی وہ گاڑی کا دروازہ نہیں کھول رہے تھے۔پرویزالٰہی نے گرفتاری نہ دینے کی مزاحمت کی،مزاحمت کرنے پر ڈرائیور سائیڈ کا شیشہ توڑا گیا تو اندر سے پرویزالٰہی برآمد ہوئے۔