محمد نوازشریف کی شہبازشریف کے ہمراہ چوہدری شجاعت حسین کے گھر آمد،نیک تمنائوں کا اظہار

بدھ 6 دسمبر 2023 19:32

محمد نوازشریف کی شہبازشریف کے ہمراہ چوہدری شجاعت حسین کے گھر آمد،نیک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف کی پارٹی صدر شہباز شریف کے ہمراہ بدھ کے روز 15سال بعد پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے گھر آئے' پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف،رانا ثنا اللہ،سردار ایاز صادق،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،مریم اورنگزیب اور مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل اور دیگر پارٹی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی قائد محمد نواز شریف،شہباز شریف اور پارٹی رہنمائوں کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور ان کا خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات40 منٹ تک جاری رہی۔21 اکتوبر کو وطن واپسی کے بعد چوہدری شجاعت حسین سے محمد نواز شریف کی یہ پہلی ملاقات تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نواز شریف2009 میں چوہدری شجاعت کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔

سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ،چوھری وجاہت حسین،چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین بھی ملاقات میں شریک تھے۔محمد نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی مزاج پرسی کی اور ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔بعد ازاں محمد نواز شریف سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سردار طارق مزاری کی رہائش گاہ پر گئے اور سابق نگران وزیراعظم میر بلخ شیر مزاری کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔نواز شریف نے میر طارق خان مزاری،سردار ریاض مزاری، سردار دوست محمد مزاری،سردار مراد بخش مزاری سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت کی۔