Live Updates

دس سالہ معاشی منصوبہ بنایا جائے ،تمام سیاسی جماعتیں آئینی تحفظ دیں، حمزہ شہباز کی تجویز

پیر 1 جنوری 2024 22:56

دس سالہ معاشی منصوبہ بنایا جائے ،تمام سیاسی جماعتیں آئینی تحفظ دیں، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمز ہ شہباز نے ایک بار پھر دس سالہ معاشی منصوبے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کو تمام سیاسی جماعتیں آئینی تحفظ دیں تاکہ معاشی جڑیں مضبوط ہو سکیں ،ہم کبھی انتقام نہیںلیں گے ہم نے اپنے معاملات اللہ تعالیٰ کی ذات پر چھوڑ دئیے ہیں ، شہزاد اکبر دو ، دو گھنٹے کی پریس کانفرنسیں کرتا تھا ،مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کو جیلوں میں ڈالا گیا ،چار سال پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے ساری فائلیں ٹٹولیں جانچ پڑتال کی لیکن نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا،دوسری جانب صاف چلی شفاف چلی نے توشہ خانہ کی گھڑیوں کو بھی نہ بخشا اورکروڑوں بٹور کر اپنی جیب میں رکھے،190ملین پائونڈز کا حساب دینا ابھی باقی ہے ، جو کرپشن ختم کرنے کا دعویدار تھا اس نے دونوں ہاتھوں سے ملک کا پیسہ اپنی جیبوںمیں ڈالا ،8فروری کو ملک کے طول و عرض میں شیر کی دھاڑ گونجے گی ۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 118میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ورکرز کو اپنا خاندان سمجھا ہے ، میں جب قائد حزب اختلاف تھا اورجب وزیر اعلی پنجاب بنا تو اس وقت بھی کہتا تھا عہدے آنے جانے ہوتے ہیں ،مجھے وزیر اعلیٰ کی بجائے ورکر کہلوانے میں زیادہ فخر محسوس ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں 75سالہ تاریخ میں انتخابات کا انعقاد ہوتا آیا ہے لیکن 8فروری کو جو انتخابات ہونے جارہے ہیں اس کی اہمیت اس حوالے سے بہت زیادہ ہے کہ اس نے ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہے ،نوجوانوں ،مزدور ،ریڑھی والے غرضیکہ کے ہر طبقے کا مستقبل ان انتخابات سے جڑاہوا ہے ،2013میں جب نواز شریف کو اللہ کے بعد آپ نے اپنے ووٹوںسے وزیر اعظم بنایا تھا تو اس وقت بیس ، بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شبانہ روز محنت کی اور جب 2018میں آئینی مدت کے بعد اقتدار چھوڑا تو اس وقت لوڈ شیڈنگ صفر تھی ۔

انہوںنے کہاکہ آج مہنگائی نے عام آدمی کی نیندیں حرام کر دی ہیں ،لوگ گیس ، بجلی کا بل جمع کرائیں یا اپنے بچوں کا پیٹ پالیں یا انہیں سکول بھیجیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں ڈالر 105روپے کا تھا اورآج 297روپے کا ہے ، ہمارے دور میں آٹا 35روپے کلو تھا اور آج کتنے روپے کلو ہے ،ہمارے دور میں پیٹرول کتنے روپے لیٹر تھا اور آج 266روپے لیٹر ہے ۔

جب مسلم لیگ (ن) کی 2013 میں حکومت آئی تو اس وقت گروتھ ریٹ 1.9فیصد تھا ،پانچ سال کی شبانہ روز محنت سے اسے 1.9سی6.2فیصد تک پہنچایا ، عمرانی دور میں کہا گیا کہ ایک کروڑ نوکریاں دی جائیں گی ،پچاس لاکھ گھر دئیے جائیں گے ، ایک کروڑ نوکریاں تو دور کسی کو ایک نوکری بھی نہیں ملی بلکہ کروڑوں لوگ بیروزگار ہوئے ، پچاس گھر میں سے ایک گھر بھی نہ ملا بلکہ تجاوزات کے نام پر لوگوں کے گھروں کو گرا دیا گیا ، مہنگائی کا طوفان تھا ، پاکستان کو ایک ،ایک ڈالر کے لئے دنیا میں جانا پڑتا ہے ، کیا مانگنا عزت والا کام ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں دوست ملک چین نے 52ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ،جنوبی ایشیاء میںسب سے پہلی موٹر وے پاکستان میں بنی جو نواز شریف نے بنائی ، اگرریکارڈ اٹھا کر دیکھو تو جب جب (ن) لیگ کا دور آیا یہاں پر موٹر ویز کے منصوبے آئے باقی ادوار دیکھیں ان میں ڈھونڈنے سے بھی کچھ نہیں ملتا۔ انہوںنے کہا کہ مہنگائی بیروزگاری کا ایک طوفان ہے جس نے ملک کو ہر طرف سے گھیر رکھا ہے ۔

اگر پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور اس کے ٹولے کو جس نے عوام کو جھوٹے اورسبز باغ دکھائے نہ نکالا جاتا تو شاید آج یہ ملک دیوالیہ ہو گیا ہوتا۔ بہت سے لوگوں نے کہا کہ آپ بڑے سخت معاشی فیصلے کر رہے ہیں آپ کو اس کی بھاری سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی ،اس وقت بطور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ سیاست ہوتی رہتی ہے ،اللہ تعالیٰ دوبارہ موقع دے گا لیکن اس ملک کو بچانے کے لئے سخت فیصلے کریں گے ،ملک کو بچانے کے لئے سیاسی قیمت ادا کرنا پڑی تو یہ بھی ادا کریں گے ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ 2013سے 2018بجلی کا یونٹ 7روپے ہوا کرتا تھی ، آج 27روپے یونٹ ہے ، آج خیبر پختوانخواہ ، بلوچستان میں دوبارہ دہشتگردی کے واقعات روز ہو رہے ہیں ، وہاں پر پولیس، فوجی ،رینجرز والے شہادتیں دے رہے ہیں ۔ جب ماضی میں دہشتگردی تھی تو نواز شریف نے سب سیاسی جماعتوں کو بٹھایا اور کہا کہ جب ملک اور قوم کا معاملہ آتا ہے تو ہمیں اپنی سیاسی پسند اور نا پسند سے بالا تر ہو کر فیصلہ کرنے پڑتے ہیں،نواز شریف نے ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھایا اور کہا کہ ہمیں اس دہشتگردی کے ناسور سے ملک کو آزاد کرانا ہے ، اس کے بعد افواج پاکستان نے سیاسی قوت سے ملک کے طول و عرض میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کیا اورنواز شریف نے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا ،کراچی میں ہر روز اغوائے برائے تاوان اوربوری بندلاشوں کے ملنے کے واقعات ہوتے تھے آج کراچی والوں سے پوچھیں وہ امن قائم کرنے پر نواز شریف کو دعائیں دیتے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ان شا اللہ یہ ملک پھلے ، پھولے گا ،معیشت دوبارہ سے اپنی پٹڑی پر چڑھے گی اور دوڑے گی اس ملک کے کارخانوں سے روزگار ملے گا ،آج ملک میں واحد امید کی کرن نواز شریف کی صورت میں موجود ہے ، ووٹرز نے 8فروری کو اس لئے پولنگ اسٹیشنز نہیں جانا کہ نواز شریف کو کامیاب کرنا ہے بلکہ پاکستان میں آنے والی ترقی کو خوش آمدید کہنے کیلئے پولنگ اسٹیشن جانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین اور میٹرو بس غریب کی سواری ہے ، خیبر پخوانخوا ہ میں بھی میٹرو بس چلتی ہے جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے ، وہاں پر میٹرو کے منصوبے میں اربوں روپے کا غبن ہوا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نواز شریف ، شہباز شریف ،مریم نواز ، مجھے ،احسن اقبال ،خواجہ سعد رفیق ، خواجہ سلمان رفیق ،حافظ میاں نعمان ،حنیف عباسی سمیت سب کو گرفتار کیا گیا ،شہزاد اکبر اس وقت دو ،دو گھنٹے کی پریس کانفرنسز کرتا تھا ، آپ کو اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ چار سال پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے ساری فائلیں ٹٹولیں جانچ پڑتال کی لیکن نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا ۔

دوسری جانب صاف چلی شفاف چلی نے توشہ خانہ کی گھڑیوں کو بھی نہ بخشا اورکروڑوں بٹور کر اپنی جیب میں رکھے،190ملین پائونڈز کا حساب دینا ابھی باقی ہے ، جو کرپشن ختم کرنے کا دعویدار تھا اس نے دونوں ہاتھوں سے ملک کا پیسہ اپنی جیبوںمیں ڈالا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم کبھی انتقام نہیںلیں گے ہم نے اپنے معاملات اللہ تعالیٰ کی ذات پر چھوڑ دئیے ہیں ۔

8فروری کو شیر کی دھاڑ جب پاکستان کے طول و عرض میں گونجے گی تو اس دن کا سورج نوجوانوں کے روزگار کی نوید لے کر طلوع ہوگا ، نوجوانوں آپ کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے ، آپ نے بڑھ چڑھ کر شیر پر مہریں لگانی ہے تاکہ دوبارہ سے شہباز شریف آپ کو لیپ ٹاپ دے سکے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم کے سامنے یہ تجویز پیش کرتا ہوں ،ہم نے دیکھا ہے اس ملک کے ساتھ کھلواڑ ہوئے ،ایک کھلاڑی آیا وہ کھلاڑی نہیں بلکہ اناڑی تھا جس نے ملک کے ساتھ کھلواڑکیا، آئی ایم ایف کی شرائط مان کر معاہدہ کیا اور پھر شرائط کو توڑ کر کوڑے کے ڈبے میں ڈال دیا جس کا خمیازہ عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑا ۔

شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے بڑی مشکل سے آئی ایم ایف سے پیکج بحال کرایا ۔ آج میرے ساتھ اس تجویز پر مہر ثبت کریں ہم ایک دس سالہ معاشی منصوبہ متعارف کرائیں گے ،اس منصوبے کو دس سال تک تمام سیاسی جماعتیں آئینی تحفظ دیں تاکہ اس ملک کی معاشی جڑیں مضبوط ہو سکیں اور یہ ملک قائد اعظم کا خوشحال پاکستان بن سکے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سب وعدہ کریں ہمنواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات