Live Updates

مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی نے ملکی استحکام اور جمہوریت کی بقاء کیلئے دانشمندانہ فیصلے کیے ہیں ، شاہ غلام قادر

بدھ 21 فروری 2024 20:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے پاکستان میں عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والی پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ انتخابات میں منقسم مینڈیٹ نے سیاسی قیادت کو کڑی آزمائش میں ڈال دیا تھا لیکن دونوں جماعتوں کی قیادت نے ایک بار پھر اعلیٰ سیاسی بصیرت کا ثبوت دیتے ہوئے ملکی استحکام اور جمہوریت کی بقاء کیلئے دانشمندانہ فیصلے کیے ہیں اور اس سے مرکز سمیت چاروں صوبوں میں مضبوط حکومتوں کے قیام میں مدد ملے گی۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہم محمد نواز شریف کے ہر فیصلے پر لبیک کہتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہبا ز شریف وزارت عظمیٰ اور محترمہ مریم نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالتے ہی ملکی حالات میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کے گذشتہ پانچ سال ضائع کر دئیے اور ملک معیشت کو تباہی کے دہانے ہر لاکھڑا کیا کمزور معاشی حالات اور غیر سنجیدہ اور لاپرواہ قیادت نے بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر آئینی قبضہ کرنے کا موقع فراہم کیا جس سے کشمیری قوم میں پائے جانے والی مایوسی میں اضافہ ہو ا اور آزاد کشمیر جیسے پر امن خطے میں سیاسی ماحول کو تباہ کرنے کی کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کی حکومتوں کے قیام کے بعد ایک بھرپور سیاسی تبدیلی آنے والی ہے جس سے نہ صرف لائن آف کنٹرول کے اس پار مثبت پیغام جائے گا بلکہ عالمی سطح پرتحریک آزاد ی کشمیر کے حوالے سے دوٹوک موقف اپنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوا ز شریف اور محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے اور انہیں یقین ہے کہ مرکز اور پنجاب میں آنے وا لی تبدیلی سے آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہونگے۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر سے مسلم لیگی کارکنان نے مہاجرین جموں وکشمیر و باشندگان آزاد کشمیر مقیم پاکستان نے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے وہ لائق تحسین ہے اور مسلم لیگی قیادت اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کارکنان آپس میں اتفاق و اتحاد کو فروغ دیں اور آزاد کشمیر کے گلی کوچوں میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں، بہت جلدمرکز اور پنجاب کے بعدآزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت قائم ہو گی اور ایک بار پھر محمد نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کا آغاز ہو گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات