Live Updates

شہباز شریف 1950میں لاہور میں پیدا ہوئے،1985میں لاہور چیمبر کے صدر منتخب ہوئے

پہلی بار 1988 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے،تین وزیر پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہے، عمران خان کے عہدے سے ہٹنے کے بعد16ماہ وزیر اعظم رہے

اتوار 3 مارچ 2024 16:30

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف 1950 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔شہباز شریف ،میاں محمد شریف کے دوسرے صاحبزادے ہیں، وہ ایک بااثر تاجر اور مشترکہ طور پر اتفاق گروپ آف کمپنیز کے مالک ہیں، وہ 1985 میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر بھی منتخب ہوئے۔

شہباز شریف پہلی بار 1988 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔1990 میں این اے 96 لاہور 5 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔1993 میںپی پی 125 لاہور 10 کے حلقے سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی، انہیں قائد حزب اختلاف کے طور پر نامزد کیا گیا۔

(جاری ہے)

1997 میں پی پی 125 لاہور سے تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوکر صوبے کے وزیر اعلی بنے۔1999 میں انہیں معزول کرکے سعودی عرب جلاوطن کردیا گیا۔

2007 میں 8 برس جلا وطنی میں گزارنے کے بعد واپس پاکستان آئے۔2008 میں چوتھی مرتبہ بھکر سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیتی، دوسری بار صوبے کے وزیراعلی بنے۔2013 میں لاہور سے ایک مرتبہ پھر اسمبلی کے رکن بنے، تیسری بار پنجاب کے وزیراعلی منتخب ہوئے۔2018 میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد پاکستان مسلم لیگ کے صدر منتخب ہوئے۔

2018 میں قومی اسمبلی کے 4 حلقوں این ای249 کراچی، این ای132 لاہور، این ای3 سوات اور این ای192 ڈیرہ غازی خانسے الیکشن لڑے۔رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے عمران خان کے مقابلے میں وزیراعظم کا انتخاب لڑا جس میں عمران خان 176 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے اور شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے، بعدازاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نامزد ہوئے۔

2022 میں شہباز شریف پہلی مرتبہ وزیراعظم بنے، وزیراعظم کے طور پر ان کا پہلا دور صرف 16 ماہ تک محدود رہا۔عمران خان کو عدم اعتماد کے ووٹ سے وزارت عظمی کی کرسی سے ہٹا کر جب وہ پہلی مرتبہ وزیراعظم بنے تو ان کے بڑے بھائی نواز شریف ملک میں موجود نہیں تھے۔انہوں نے پہلی بار وزیراعظم کا عہدہ اس وقت سنبھالا جب ملک کو معاشی لحاظ سے سخت مشکلات کا سامنا تھا، روپے کے قدر میں مسلسل کمی اور ڈالرز کی اونچی اڑان نے ملک ڈیفالٹ کے خطرے میں تھا۔

ایک بار پھر 9 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے نتائج اور نئی قومی اسمبلی تشکیل ہونے کے بعد وہ دوسری بار وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔تین دفعہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہنے والے اور اتفاق گروپ آف کمپنیز کے حصے دار، کامیاب کاروباری شخصیت شہباز شریف کو ایک مضبوط اور پرعزم شخص کے طور پر جانا جاتا ہے جو ایک قابل منتظم بھی ہیں۔انہوں نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے قابل دید کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پنجاب کے میٹرو بس منصوبوں کو ان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے قرار دیا جاتا ہے۔ماضی قریب اور ماضی بعید میں اپنے بھائی کی مشکلات جن کی وجہ سے شہباز شریف کو جلاوطن بھی ہونا پڑا اس کے باوجود شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف سے وفادار رہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات