سردارعتیق احمدکادورہ غازی آباد،مختلف مقامات پر وفات پانیوالوں کے گھر جا کر فاتحہ خوانی

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ہندوستان کو مظالم کا حساب دینا ہوگا، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی وفود سے گفتگو

پیر 4 مارچ 2024 22:39

مظفرآباد/دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان کادورہ غازی آباد،دورے کے دوران صدرمسلم کانفرنس نے مختلف مقامات پر وفات پاجانے والوں کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے اظہارتعزیت کی۔مجاہد اول ہائوس غازی آبادمیں مسلم کانفرنس کے سینئر کارکنان اور عہدیداران نے ان سے ملاقاتیں کیں ۔

ملاقاتوں میں صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان نے پاکستان کے حالیہ الیکشن سمیت آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ دیگر امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہندوستان کو اپنے مظالم کا حساب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کی ظالمانہ پالیسیوں سے جنوبی ایشیاء کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ہے۔ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر زندگی تنگ کردی ہے۔مقبوضہ کشمیر ایک جیل کی شکل اختیار کرگیا ہے،ان حالات میں عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے متنازعہ ہونے کا ثبوت ہیں۔ہندوستان ان قراردادوں سے انحراف کر کے امن دشمنی کا کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور ہندوستان کی کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنا فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنی قراردادوں پر عملدآمد کے لیے ٹھوس پالیسی تیار کرنی چاہیے۔کشمیر جلد آزاد ہوگا اور ہندوستان کو ذلیل ہوکر کشمیر سے نکلنا ہوگا اور کشمیریوں کا حق تسلیم کرنا ہوگا۔