مودی کا انتظامیہ کے لاؤ لشکر میں مقبوضہ کشمیر کا نمائشی دورہ عالمی برادری کو فریب دینے کی چالبازی ہے،چودھری لطیف اکبر

خودار کشمیریوں نے ہر حربہ ناکام،جعل سازی کے ذریعے دئیے گئے پیکیج ہمیشہ مسترد کئے ،میثاق جمہوریت و معیشت پرجمہوری قوتوں کامتفق ہونا عالمی بریک تھرو ہو گا، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی

پیر 4 مارچ 2024 22:39

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا8 لاکھ قابض افواج، پیرا ملٹری فورسز اور انتظامیہ کے لاؤ لشکر میں سات مارچ کو مقبوضہ کشمیر کا نمائشی دورہ کر کے زمینی حقائق کو تبدیل تو نہیں کر سکتا البتہ عالمی برادری کو فریب دینے کی چالبازی اور مکارانہ چال ضرور ہے خودار کشمیریوں نے ہر حربہ ناکام اور جعل سازی کے ذریعے دئیے گئے پیکیج ہمیشہ مسترد کر دیئے بلکہ اپنے خون ناحق سے صبح آزادی کی منزل قریب کرتے ہوئے سروں کی فصلیں کٹوا کر کفن کا لباس زیب تن کیا ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں وزیر تعلیم ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال،وزیر خزانہ عبد الماجد سرکاری افسران سیاسی کارکنوں اور عوامی وفود سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ سرزمین فلسطین و کشمیر زندہ انسانوں کیلئے وادء موت کا روپ دھار چکی ہیں لیکن پانی سے ارزاں بہنے والے انسانیت کے لہو پر عالمی برادری کی خاموشی لحمہ زوال ہے اس طرح قدیم تہذیبوں کے درمیان ٹکراؤ سے ہونے والے تصادم میں عالمی امن ریزہ ریزہ ہو جائے گا دریں اثنا بھاری اکثریت سے میاں شہباز کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت اور میثاقِ معیشت پرجمہوری قوتوں کا متفق ہونا عالمی بریک تھرو ہو گا ،لہٰذا خونریزی روکنے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شاید بھول رہا ہے کہ اس نے اس نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو آرٹیکل تین سو ستر کی آئینی دہشت گردی سے ختم کر کے ان سے جھنڈا اور ترانہ چھین لیا اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی غرض سے چالیس لاکھ غیر ریاستی افراد کو ڈومیسائل دینے کا ڈھونگ رچایا گیا انھوں نے کہا کہ پاکستان دشمنی میں بھارت کی سیاسی عسکری قیادت اور بنیاد پرست متعصبانہ مائنڈ سیٹ کے میڈیا نے تمام حدیں عبور کر دی ہیں چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان اور کشمیر پر حملوں کی دھمکیاں آ بیل مجھے مار کے مترادف ہے اگر بھارتی افواج نے بھولے سے بھی پاک سرزمین کی طرف پیشقدمی کی ق قوم بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اسکا شمشان گھاٹ بنا دے گی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پاکستان میں آٹھ فروری کے پرامن عام انتخابات اور آئینی جمہوری نظام سے انتقال اقتدار سے بھارت اسرائیل سمیت انکے حلیفوں کے حواس باختہ ہو چکے ان کے بھیانک عزائم خاک میں مل گئے جو اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھاتے کیلئے سر جوڑے بیٹھے تھے اسلامی جمہوریہ پاکستان پر امن ملک اور اسکے عوام مہذب ہیں جو ہر طرح کی دہشت گردی اور جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے قیام امن میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔