بھارت میں انتخابات سے قبل مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں

کشمیریوںکوگزشتہ 76برس سے ظلم و تشدد اورسیاسی ناانصافیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، ترجمان حریت کانفرنس

جمعرات 21 مارچ 2024 22:59

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے بھارت میں عام انتخابات سے قبل مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ضلع سانبہ کے علاقوں کھرڈی ، سرنا د، لولی اور دیگرمیں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے ۔

سرینگر، بارہمولہ، بانڈی پورہ، کپواڑہ، پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد، کولگام، راجوری، پونچھ، رام بن اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی تلاشیوں کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ کشمیریوں کو جن میں بیشتر نوجوان شامل ہیں کو پولیس اسٹیشنوں میں طلب کیا جا رہا ہے جہاں انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی پارلیمانی انتخابات 19 اپریل سے 20 مئی تک مقبوضہ علاقے میں پانچ مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کو گزشتہ 76 برس سے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے مسلسل ظلم وتشدد اور سیاسی ناانصافی کانشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و تشدد اور فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے جبکہ کشمیری اپنی منصفانہ جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔

حریت ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ادھر سرینگر اور مقبوضہ جموںو کشمیر کے دیگر علاقوں میں ہفتہ کو منائے جانے والے یوم پاکستان سے قبل پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے تہنیتی پیغامات والے پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں کی جانب سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں پر’’ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور گو انڈیا گو بیک ‘‘جیسے نعرے درج ہیں۔ پاکستانی پرچم والے ان پوسٹروں پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، لیاقت علی خان اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر بھی موجود ہیں ۔

مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے 4 بے گناہ کشمیریوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظر بندی کو کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انکی فوری رہائی کاحکم جاری کیا ہے ۔ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرینگر شہر میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔دریں اثناء انڈین نیشنل کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں کہاکہ آج بھارت میں کوئی جمہوریت نہیں ہے اوربھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا تصور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ہے کیونکہ سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے اکائونٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔