Live Updates

چائنیز انجینئرز پر دہشتگردی کے واقعہ کی انکوائری کمیٹی نے غفلت کے مرتکب افسران کا تعین کیا ہے ، عطا اللہ تارڑ

ہفتہ 6 اپریل 2024 15:11

چائنیز انجینئرز پر دہشتگردی کے واقعہ کی انکوائری کمیٹی نے غفلت کے مرتکب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چائنیز انجینئرز پر دہشتگردی کے واقعہ کی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ دیدی ہے جس کی روشنی میں غفلت کے مرتکب آر پی اوہزارہ ڈویژن ، ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ، ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ ،ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ اور کمانڈٹ سپیشل سکیورٹی یونٹ خیبر پختوانخواہ کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ 15 دن کے اندر ہو گی ،یہ مثال ہے کہ آئندہ چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے جو معاملات ہیں ان کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے خود نگرانی کر رہے ہیں اوراس حوالے سے بڑا موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے،عالمی ادارے اور جرائد مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں گروتھ کی پیشگوئی کر رہے ہیں ، شہباز شریف کے آتے ہی بلومبرگ نے کھل کر بات کی تھی کہ شہباز شریف کو مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کا تجربہ ہے اور وہ معاشی اصلاحات کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں،پاکستان کے دشمن امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان کو پاکستان کی ترقی اور پھلتی پھولتی معیشت ہضم نہیں ہوتی اور وہ اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں،برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ میں بھارت کی جانب سے مختلف ممالک کے اندر ماورائے عدالت قتل کا سلسلے پر روشنی ڈالی گئی ہے، دفتر خارجہ نے بھی بھارتی وزیردفاع کے بیان کو رد کیا ہے اور اس کی مذمت بھی کی ہے جنوری میں بھارت کی طرف سے لوگوں کو قتل کروانے کا جو ایک سلسلہ شروع ہوا اس پر پاکستان نے ثبوت پیش کیے تھے،عالمی برادری کو بھی چاہیے اس کا نوٹس لے، ہم اپنی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے بھرپور الرٹ ہیں اور دفاع کرنا جانتے بھی ہیں، مگر چاہتے ہیں کہ خطے میں امن رہے، اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،بشری بی بی کو زہر دینے کے حوالے سے ان کے ڈاکٹر کا بیان سامنے آ گیا ہے جس میں سب کچھ رد کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے 180ایچ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے مثبت آثار آنا شروع ہو گئے ہیں اور عالمی جریدوں اورعالمی ادارے اس حوالے سے مثبت خبریں دے رہے ہیں،بلومبرگ جو بڑا اچھی شہرت کا حامل عالمی مالیاتی جریدہ ہے اس نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں اضافے کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے ، گیلپ کا حال ہی میں جو سروے سامنے آیا ہے اس میں کاروباری افراد کے اعتمادمیں بہتری کی بات کی گئی ہے ، براہ راست غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی مثبت پیشرفت دیکھنے میں آرہی ہے ۔

مثبت رپورٹس آرہی ہیں کہپاکستان میں آنے والے ماہ اور سالوں میں مہنگائی میں بھی کمی ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ شرح نمو میںبھی اضافہ ہوگا۔تمام اچھی شہرت کے حامل عالمی ادارے اور جریدے شہباز شریف کی وفاقی حکومت کے حوالے سے اچھی اور مثبت خبریں دے رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ آنے والے ماہ اور سال کے اندر کیا کیا بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری لارج اسکیل مینو فیکچرننگ کی پیداواری قوت میںگزشتہ 21ماہ میں مارچ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ، شہباز شریف کے آتے ہی بلومبرگ نے کھل کر یہ بات کی تھی کہ شہباز شریف کو مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کا تجربہ ہے اور وہ معاشی اصلاحات کی قابلیت رکھتے ہیںجس سے مثبت اثر ات مرتب ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 16ماہ کی حکومت میں ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا جس کے نتیجے میں روپیہ مستحکم ہوا اور نگران حکومت میں بھی روپیہ مستحکم رہا جس سے معیشت مستحکم ہوئی ، اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بڑی مثبت خبریں آرہی ہیں روز نیا ریکارڈ قائم ہو رہا ہے ،ان شا اللہ معیشت کے حوالے سے تمام اچھے اقداما ت اٹھائے جارہے ہیں اور عالمی سطح سے اس کی گواہی آنا شروع ہو گئی ہے ۔

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے دشمن جو اس کے امن کونقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،جنہیں پاکستان کی ترقی اور مثبت طریقے سے پھلتی پھلتی ہوئی معیشت ہضم نہیں ہوتی وہ اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چائنیز انجینئر پر حملہ ہوا تو وزیر اعظم خود وہاں تشریف لے کر گئے اور چائنیز سے اظہار تعزیت اور اظہار افسوس کیا ،دہشتگردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے چائنیز انجینئرز کے جسد خاکی جب ان کے ملک بھجوائے گئے ہیںتو وفاقی وزیر برائے اوورسیز سالک حسین بھی ہمراہ گئے اور انہوں نے وہاں پر چائنیز حکومتی شخصیات سے اظہار تعزیت کیا ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ پاک چین دوستی کو اہمیت دی ہے، اس کا ثبوت ہے جیسے ہی وزیرا عظم کو دہشتگردی کے واقعہ کا علم ہوا تو وہ پاکستان میں چین کے سفارتخانے گئے اور سفیر سے ملاقات کی ۔ شاید پہلی دفعہ ہے کہ کسی وزیر اعظم نے اس طرح داسو کا دورہ کیا اور یہ پیغام دینے کے لئے تھا کہ ہم پاک چین دوستی کو بہت اہمیت دیتے ہین اور اس کے ساتھ ساتھ چینی باشندوں کا حوصلہ بڑھا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اورہم پر عزم ہیں کہ کسی کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے،ہماری آرمڈ فورسز ،لاء انفورسمنٹ ایجنسیز سب دہشتگردی کے خاتمے پر کاربند ہیں اور اس پر پوری نیت کے ساتھ لگن کے ساتھ اس ناسور کو جڑ س اکھاڑنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم شہباز شریف نے دہشتگردی کے اس واقعہ کے بعد چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے بہت اجلاس کئے ، اس پر ایک انکوائری کمیٹی بھی بنائی گئی تھی جس نے اپنی رپورٹ بھجوائی ہے ، اس کی روشنی میں ،وزیر اعظم نے چند افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا ہے جس میں آر پی اوہزارہ ڈویژن ، ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ، ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ ،ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ اور کمانڈٹ سپیشل سکیورٹی یونٹ خیبر پختوانخواہ شامل ہیں ان کے خلاف انضباطی کارروائی 15روز میں مکمل ہو گی۔

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افسران نے اپنے فرائض میں غفلت برتی ہے ان کو الرٹ ہونا چاہیے تھا، وزیر اعظم نے رپورٹ کے بعد ان افسران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے ، یہ مثال ہے کہ چائنیز سکیورٹی کے حوالے سے معاملات کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز کا پہلے ہی تعین کیا جا چکا تھا، چند افراد جن کی غفلت سامنے آئی ہے ان کے خلاف ایکشن ہوگا ، ایس او پیز پر بھی نظر ثانی کی ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم چینی منصوبوں اور چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے خود نگرانی کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ایک بڑا موثر نظام وضع کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ امن خراب کرنے کی جو کوشش کی گئی ہے اس پر حکومت کی پوری توجہ ہے اور ہر حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیںکی جائے گی ، اس حوالے سے متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اورکائونٹر کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ برطانوی اخبار گارڈین کی جو سٹوری آئی جس میں بھارت کی طرف سے مختلف ممالک کے اندر ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے بات کی گئی ہے اس پر دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوںنے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو رد بھی کیا ہے اور اس کی مذمت بھی کی ہے ۔ جنوری میں بھارت کی طرف سے لوگوں کو قتل کرانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اس حوالے سے پاکستان نے ثبوت دئیے تھے ،عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ اس کا نوٹس لے ،ہم اپنی سالمیت کا دفاع کرنے کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہیں اوراپنا دفاع کرنا جانتے بھی ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ خطے میں امن رہے لیکن ہماری اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،فروری 2019 میں جب بھارت کے سرحد کے پاس جہاز آئے تھے تو اس کا بھرپور جواب دیا گیا تھا ۔

گارڈین کی سٹوری بڑی تشویشناک ہے اس میں جو انکشافات کئے گئے ہیںاس کے ثبوت بھی منظر عام پر لائے جا چکے ہیں۔ اس حوالے سے عالمی برادری کو کہتے ہیں کہ وہ اس کا نوٹس لے ۔پاکستان امن کا خواہشمند ہے کہ خطے میں امن ہونا چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کو زیر غور لایا گیا ۔

جو بات کی گئی ہے اس میں طے پایا یہ کہ میڈیا ورکرز کے واجبات دا کئے جائیں گے، میڈیا ہائوسز کے جو زیر التواء واجبات کوشش ہے کہ ان کی اگلے دو روز میں مکمل ادائیگی ہو جائے ، اس کی کابینہ اور ای سی سی سے مکمل ہو چکی ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز ، کابینہ کے اراکین کے علاوہ ان کے اہل خانہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے جارہے ہیں اور یہ وفد کمرشل فلائٹ پر روانہ ہوگا ۔

تمام وفد کے اراکین اپنے اخراجات ذاتی جیب سے ادا کریں گے اور اس سے حکومت پاکستان پر کسی قسم کا کوئی بوجھ نہیں آئے ۔ وفد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور میں بھی شامل ہوں ۔انہوں نے بتایا کہ وفد میں نواز شریف شامل نہیں ۔میں نے دورے کے حوالے سے پیشگی بتا دیا ہے کیونکہ روانگی کے بعد پھر افواہیں اورچہ مگوئیاں شروع ہوتی ہیں اور پراپیگنڈے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔

اس دورے کے حوالے سے اچھی اور مثبت خبریں آئیں گی ، حکومتی وفد کی عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن سے میں پاکستان کے میڈیا کو آگاہ رکھوں گا۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو زہر دینے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہارپک کے تین قطروں والی جو کہانی چل رہی ہے اس پر بشریٰ صاحبہ کے ڈاکٹر کا بیان آ چکا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں ، وہ مکمل صحتمند ہیں ،طبی ماہرین کی جانب سے بات کرنے کے بعد تمام خبریں پہلے ہی رد ہو چکی ہیں ۔

جیل میں بھی ایکسر سائز والی سائیکل ہو ،واکنگ گیلری ہو ، ہر طرح کے کھانوں کا مینو بنتے بنتا ہے حتیٰ کہ انہیں مکمل آزادی ہے ، مجھے تو لگتا ہے وہاں باقاعدہ سیاسی دفتر چل رہا ہے ،لوگ آ جارہے ہیں ،میل ملاقاتیں کر رہیہیں، ان خبروں میں کوئی صداقت یا حقیقت نہیں کہ جیل میں بڑی سختی ہے ، اڈیالہ کے باہر ہر روز ایک پریس کانفرنس ہوتی ہے اگر وہ بانی پی ٹی آئی کو مل کر آتے ہیں تو پریس کانفرنس کرتے ہیں ، یہ تاثر کہ وہاں بڑی سختی ہے ایسا کچھ نہیں بلکہ انہیں ہر طرح کی سہولیات اور آسائشیں میسر ہیں۔

انہوں نے بھارت کے کردار ، افغانستان کے معاملات اور پاکستان کے لئے چیلنجنگ صورتحال کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ہر طرح کے معاملے کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں،حکومت ،دفتر خارجہ ،وزارت دفاع ،آرمڈ فورسز اورانٹیلی جنس مہارت رکھتی ہیں ،کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہے، جتنے بھی معاملات ہیں ان کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے ، ہم واضح کر چکے ہیں خطے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔

سکیورٹی کے معاملات پر پاکستان کے پاس صلاحیت موجود ہے ، ہمارا واضح عزم ہے کہ دہشتگردی کو سر نہیں اٹھانے دیا جائے گا بلکہ اس کا سر کچلا جائے گا، دہشتگردی کے واقعات پر تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے اس سے آگاہ کیا جائے گا ۔انہوںنے بینکوں سے قرض لے کر وزیر اعظم ہائوس کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سوال کے جواب میں سے کہا کہ اس حوالے سے بینک سے کوئی معاہدہ ہے تو سامنے لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں دورہ سعودی عرب کے حوالے سے قبل از وقت کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جو بھی تازہ ترین صورتحال ہو گی وہاں سے آگاہ کروں گا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات