مقتدر طاقتور طبقات آئین اور قانون کی پامالی کرتے رہیں گے تو انارکی کی آگ بھڑکے گی

بلوچستان خیبرپختونخوا اور اندرونِ سندھ میں امن عامہ کی صورتِحال انتہائی مخدوش ہے، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے قومی ایکشن پلان کی ازسرِنو تشکیل ضروری ہے۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 فروری 2025 19:41

مقتدر طاقتور طبقات آئین اور قانون کی پامالی کرتے رہیں گے تو انارکی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے نیوزایجنسی۔ 28 فروری 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے لاہور میں دربار حضرت میاں میر کے سجادہ نشین ہدیۃ الہادی کے امیر پیر ہارون علی گیلانی کی میزبانی میں نائب صدور، ڈپٹی سیکٹری جنرلز کے اجلاس سے خطاب کیا اور اجلاس کے مشترکہ مؤقف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک و مِلت کی سلامتی اور دفاع قرآن و سُنت کی بالادستی اور آئینِ پاکستان کی روح کے مطابق اِس کے تمام آرٹیکلز کے نفاذ سے ممکن ہے۔

مقتدر اور طاقتور طبقات آئین اور قانون کی پامالی کرتے رہیں گے تو انارکی کی آگ بھڑکے گی اور عوام می مایوسی، بغاوت اور انتقام کے جذبات تیزتر ہوں گے، امن عامہ کی صورتِ حال انتہائی مخدوش ہے. بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی خوفناک شکل اختیار کرگئی ہے۔

(جاری ہے)

اندرونِ سندھ ڈاکو راج، اغواء برائے تاوان انڈسٹری کی حیثیت اختیار کیے ہوئے ہیں، حکومتی رِٹ عملاً ختم ہوچکی، سرِشام شاہراہیں سفر کے لیے غیرمحفوظ ہوگئی ہیں۔

وفاقی، صوبائی حکومتیں بیبس ہیں اور سکیورٹی فورسز تنہا صورتِ حال کو سبھالنے میں ناکام ہیں۔ اجلاس نے تجویز کیا ہے کہ امن عامہ کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے قومی ایکشن پلان کی ازسرِنو تشکیل ضروری ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز متفق ہوں اور بِلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پیکا قانون، جوکہ ایک کالا قانون ہے، اِسے فوری طور پر ختم کیا جائے اور ازسرِنو اتفاقِ رائے سے ضابطہ کار بنایا جائے۔

جبکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کو جعلی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ نے مفتوح بنادیا ہے، ججوں کی تقسیم عدلیہ کی بربادی میں جلتی پر تیل کا کام کررہی ہے۔ آزاد عدلیہ اور عوام کے عدل و انصاف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے کہ عدالتوں پر ہر طرح کے قدغن کی بجائے آئین اور قانون کے مطابق عدالتی آزادی تسلیم کی جائے۔ اجلاس نے فلسطین اور کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے عالمِ اسلام کے اتحاد اور عسکری، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں مؤثر حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی عالمِ اسلام متحد نہ ہوا تو امریکہ اسرائیل بھارتی تثلیث عالمِ اسلام کے لیے بڑی تباہی کا باعث بن جائے گی۔

فلسطینیوں اور کشمیریوں نے نازوال قربانیوں کے ساتھ دُنیا میں بیداری پیدا کردی ہے۔ حقِ خودارادیت فلسطینیوں اور کشمیریوں کا بنیادی انسانی حق ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مِلی یکجہتی کونسل کے مرکزی اجلاس نے مطالبہ کیا کہ ماہِ رمضان کی فیوض و برکات پوری اؐمت کی اصلاح اور اتحاد کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ میڈیا ہاؤسز سختی سے پابندی کریں کی رمضان نشریات فرقہ واریت کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہ بنیں۔

اجلاس میں بنگلہ دیش کے عوام اور نوجوانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور پاکستان بنگلہ دیش کے مضبوط تعلقات کو خطہ میں ہندوستان کے فاشزم کے سدِباب کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے اور مرکزی رہنما پروفیسر حافظ سعید کو رہا کیا جائے، اُن پر جھوٹے، بے بنیاد مقدمات ختم کیے جائیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین کی تازہ ترین صورتِ حال کے تناظر میں جمعۃ الوداع ماہِ رمضان میں یوم القدس ایمانی جذبہ و جوش سے منایا جائے گا اور مِلی یکجہتی کونسل کے وفود بنگلہ دیش، افغانستان، فلسطینی حماس قیادت اور سعودی عرب و ایران کے سفیروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مطالبات تسلیم کیے جایں، متاثرین کو اعلان کردہ پالیسی کے مطابق حق دیا جائے۔