Live Updates

پی ٹی آئی کی ٹرمپ انتظامیہ سے لگائی امید مایوسی میں بدل گئی، گورنر سندھ

ٹرمپ کے گھٹنوں پر ہاتھ رکھنے کی بجائے معافی مانگے، یہ ایک کروڑ لوگوں کی بددعائیں ہیں جو نوکری کے آسرے میں تھے،گفتگو کامران خان ٹیسوری نے ایک نمائشی پوسٹ کو عوامی عہدہ بنادیا‘ ایم کیو ایم کا گورنر آج عوامی گورنر کا ٹائٹل رکھتا ہے ‘فاروق ستار

جمعرات 20 مارچ 2025 13:24

پی ٹی آئی کی ٹرمپ انتظامیہ سے لگائی امید مایوسی میں بدل گئی، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ٹرمپ انتظامیہ سے جو امید لگائی تھی وہ مایوسی میں بدل گئی ہے۔ کراچی میں گورنر سندھ نے ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر منتخب نمائندوں کے ہمراہ سرجانی ٹاؤن میں سحری کی، گورنر سندھ کا استقبال شاندار آتشبازی سے کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان آخری عشرے میں اللّٰہ کے حضور معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹرمپ کے گھٹنوں پر ہاتھ رکھنے کی بجائے معافی مانگے، یہ ایک کروڑ لوگوں کی بددعائیں ہیں جو نوکری کے آسرے میں تھے۔گورنز سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو ایم کیو ایم میں واپس آنے کی دعوت دیتا ہوں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والے سارے کاموں کا وعدہ اور دعویٰ ایم کیو ایم پاکستان اور ان کے گورنر کا نہیں تھا بلکہ یہ وعدہ پی ٹی آئی کے وزیراعظم کا تھا کہ میں گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑ کر یونیورسٹی بناؤنگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب میں گورنر ہاؤس آیا تو پتہ چلا دیواریں گرانے کے بجائے اور اونچی کردی گئیں، ایک کاغذ بھی مجھے نوکری کا نہیں ملا۔میرا پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ وزارت خارجہ میں سر ٹیکنے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے گھٹنوں پر ہاتھ رکھنے کے بجائے معافی مانگو اللّٰہ تعالی سے، یہ ایک کروڑ لوگوں کی بددعائیں ہیں جو نوکری کے آسرے میں تھے۔یہ ان پچاس ہزار لوگوں کی بددعائیں ہیں جو گھر کے آسرے میں بیٹھے رہے، عمران خان کو آخری عشرے میں اللّٰہ کے حضور معافی مانگنی چاہئے نہ کہ انکے لوگ وزارت خارجہ میں سر ٹیکیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے، لوگ مجھے کہتے ہیں کو امید عمران خان نے دلوائی تھی وہ پوری آپ نے کی، پی ٹی آئی کارکنان کو ایم کیو ایم میں واپس آنے کی دعوت دیتا ہوں۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامران خان ٹیسوری نے ایک نمائشی پوسٹ کو عوامی عہدہ بنادیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا گورنر آج عوامی گورنر کا ٹائٹل رکھتا ہے بغیر کسی اختیار کے ایسے کام کئے کہ لوگ حیران ہوگئے ہیں یہ کیسے کام ہورہے ہیں چار چیف منسٹرز ہیں پاکستان میں تین اور گورنر بھی ہیں ایک پرائم منسٹر اور صدر بھی ہے اگر لوگوں کو اعلیٰ تعلیم کا کہیں انتظام ہے تو وہ گورنر سندھ ہاؤس ہے۔

اب انشائاللّٰہ ہمارے حلقوں میں بھی کام ہوگا۔ جب گورنر ایسے کام کرسکتا ہے تو جب سندھ کی وزارت اعلیٰ ایم کیو ایم کے پاس ہوگی پھر کیا کیا کام ہوگا۔ جو نا انصافی ہورہی ہے چاہے وہ صوبائی ہو یا وفاق سے وہ اب ختم ہوگی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے وہاں پر موجود ایک خاتون نے شوہر کے مظالم کے بارے میں بتایا تو گورنر سندھ نے خاتون کو انصاف کا یقین دلاتے ہوئے خاتون کے بچوں کو تعلیم دلوانے کا بھی اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات