داخلی سلامتی، معیشت کی بحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

پیر 24 مارچ 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قومی مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفاد میں متحد ہونا ہوگا، پاکستان کو اس وقت دہشت گردی جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے اور ملک کے دو اہم صوبے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان، بدامنی کی لپیٹ میں ہیں۔

ایسی صورتحال میں تمام قوتوں کا اتحاد ہی ملک و قوم کے لیے بہترین راستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ، سید حسن مرتضیٰ،میاں منظور وٹو، ثمینہ خالد گھرکی، امتیاز صفدر وڑائچ، احسن رضوی سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے واقعات خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی قابل تشویش ہے۔ دہشت گرد تنظیمیں ان صوبوں میں ایک بار پھر منظم ہو رہی ہیں، جن کا سختی سے قلع قمع کرنا ہوگا۔

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ترجیحات میں عوامی فلاح و بہبود کو سرفہرست رکھیں۔ عوام کی نظریں اس وقت سیاسی قیادت پر ہیں، انہیں امید ہے کہ سیاسی جماعتیں ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج قومی اتفاق رائے پیدا کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو گیا ہے، لیکن یہ ناممکن نہیں۔ ہم اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مسائل پر سنجیدہ سیاست کریں۔ ملک کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو اتحاد و اتفاق کی علامت ہو اور جو عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے جمہوریت اور عوامی حقوق کی علمبردار رہی ہے، اور آئندہ بھی قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہمیں ملک کی داخلی سلامتی، معیشت کی بحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کے ساتھ افطاری کی اور ان سے گفتگو کی۔ پارٹی رہنماوں اور کارکنان نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک و قوم کے مفادات کے لیے پارٹی قیادت کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔