Live Updates

بھارت چانکیہ ڈاکٹرائن بغل میں چھری منہ میں رام رام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،چوہدری انوارالحق

جارحیت کی تو کشمیری قوم مسلح افواج کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہوگی، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 24 اپریل 2025 18:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر جارحیت کرنے کی کوشش کی تو پوری کشمیری قوم مسلح افواج پاکستان اور ان کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہوگی، بھارت چانکیہ ڈاکٹرائن بغل میں چھری منہ میں رام رام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،بھارت بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں دہشت گردی میں ملوث ہے اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی دہشت گردی میں ملوث ہے اور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،پہلگام واقعی میں اسکا جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہو گیا اور وہ بری طرح پٹ کر رہ گیا۔

آزادکشمیر میں بدامنی پھیلانے کے لیے آزادکشمیر کے اندر چھپ کر وار کر سکتا ہے یا پھر بدامنی پھیلانے کے لیے تیسری قوت کو استعمال کرسکتا ہے، اگر بھارت نے ایسا ایڈونچر کرنے کی حماقت کی تو پھر یہ بھی یاد رکھے کہ تاریخ کا ایک جبر یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو دہرانے سے باز نہیں آتی،پھر بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت کو قومی سلامتی کے اجلاس کے بعد مناسب جواب مل جائے گا، بھارتی آبی جارحیت ایک سال سے جاری ہے،بھارت کی بین الاقوامی دہشتگری بارے دنیا جانتی ہے کینیڈا سے لے کر کشمیر تک بھارت دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنائے ہوئے ہے، بھارت دنیا کے سامنے ایکسپوز ہوچکا ہے، چند نادان دوستوں کو ہماری باتوں سے اختلاف تھا لیکن آج سوچئے کہ محافظ فوج کون سی ہی اور قابض فوج کون سی ہی ہمارے پرچم کے پیچھے پاکستان کے پرچم کی طاقت ہے ورنہ ایل او سی کے پار آزادکشمیر کا پرچم کہیں نظر نہیں آتا، جو جمہوری آزادیاں ہمیں یہاں حاصل ہیں وہ جمہوری آزادیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دستیاب نہیں، الحمداللہ وزیراعظم آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے لیے جہاد پر کچھ دوستوں کو تکلیف ہوتی ہے لیکن فلسطین کے مسئلہ پر الجہاد الجہاد کے نعرے لگاتے ہیں، اس مقدس ایوان میں کھڑا ہو کر کہتا ہوں کہ پاکستان کے اندر سے بھی سیاسی پولرائزیشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الجق نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اگر بھارت نے ایل و سی پر جارحیت کا ارتکاب کیا تو اس کے جواب میں اقوام متحدہ کا چارٹر ہمیں دفاع کا حق دیتا ہے اور یقین ہے کہ بھارت ایسے کسی بھی طرح کے پاگل پن کا مظاہرہ نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ مضبوط اور روشن پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے، عساکر پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہونا ہمارا مذہبی اور ملی فریضہ ہے، یہ وقت ہے کہ ہم سب یکجہتی کا مظاہرہ کریں، بھارت آبی جارحیت کا آغاز کرچکا ہے، بھارت پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، بھارت نے پونچھ اور دریائے نیلم کے پانیوں پر قبضے کے لیے اقدامات اٹھانا شروع کر دئیے ہیں، بھارت کے ہتھکنڈے اور دہشتگردانہ وارداتوں بارے بین الاقوامی ثبوت موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ میرے ذہن میں دور دور تک اس بات کا شائبہ نہیں کہ نریندر مودی جارحیت کی کوشش کرے گا، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خطرے سے انکار نہین کرنا چاہیے لیکن خطرے کا درست ادراک کرنا چاہیے، خطرے کو ضرورت سے زیادہ سر پر سوار کرنے کی ضرورت نہیں ہے ہمہ وقت تیار ہیں، قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہی. ہندوستان سمیت دنیا میں کسی کی بھی جرأت نہیں ہے کہ وہ پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرسکے اور ایسی غلطی کا انجام بھی بھارت کو اچھی طرح معلوم ہے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات