Live Updates

مودی حکومت نے پہلگام کی آڑ میں مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے: جاوید قصوری

پیر 28 اپریل 2025 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہندوستان کی حکومت نے پہلگام کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتا ر کر لیا گیا جبکہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ بھارتی فورسز نے قیمتی سامان کو لوٹ کر درجنوں گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے ۔

مودی سرکار کا ظلم و ستم اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم تیار ہے ، ہندوستان اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے دہشت گردی کا سہارا لے رہا ہے ۔ پہلگام واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، بھارت اس کی آڑ میں پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ، عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

پہلگام واقعے سمیت سمجھوتہ ایکسپرس کی بھی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی پوری دنیا میں عیاں ہو چکی ہے،نیدر مودی نے آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے متعصبانہ رویے سے نہ صرف بھار ت میں آباد اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے بلکہ دوسرے ممالک میں بھی اپنے مخالفین کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے راستے سے ہٹانے کا ٹاسک سیکورٹی اداروں کو دے رکھا ہے ۔

امریکہ ، کینیڈا میں ہونے والی دہشت گردی اس کا واضح ثبوت ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان ، ہندوستان کی جارحیت کو بے نقاب کرے ۔ محمد جاویدقصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستانی قوم بھارت کی ہر جارحیت کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، دشمنوں کی کوئی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات