Live Updates

سندھ طاس معاہدے کی معطلی اقوام متحدہ کے منشور اور ویانا کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی ہے ،ملک عبدالقیوم اعوان

پیر 28 اپریل 2025 23:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ملک عبدالقیوم اعوان نے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت نے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور، جنیوا کنونشنز اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔

ان ممالک کے سامراجی طرزِ عمل نے بین الاقوامی امن قائم رکھنے والے اداروں کو غیر مؤثر بنا دیا ہے جبکہ امریکی غیر ضروری تجارتی جنگ نے عالمی امن کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔ پیر کے روز راولپنڈی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال دنیا مکمل طور پر نہ تو یک قطبی ہے اور نہ ہی کثیر القطبی، تاہم عالمی مالیاتی مرکزِ ثقل کی مشرق کی جانب منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے جسے مغربی طاقتیں روکنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی حکومت اپنے عوام کو حقائق سے بے خبر رکھنا چاہتی ہے اور اسی مقصد کے تحت بھارت میں ڈان نیوز، سماء، اے آر وائی، بول نیوز، جیو نیوز اور جی این این سمیت 16 پاکستانی چینلز پر پابندی لگا دی گئی ہے جس سے 63 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو قابلِ مذمت قرار دیا۔ ملک عزیز احمد اعوان نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ایکس سروس مین سوسائٹی کے لاکھوں ارکان کے ساتھ پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ شاید دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ملک کو تقریباً 600 ارب امریکی ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے بھارت کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، آسام اور مالدیپ بلکہ کینیڈا اور امریکہ میں بھی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے۔

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں حالیہ جھوٹا حملہ بھی ماضی کے پٹھان کوٹ، اوڑی اور پلوامہ حملوں کی طرز پر ایک خود ساختہ سازش ہے جس کا مقصد بہار کے ریاستی انتخابات سے قبل ماحول کو متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو اقوام متحدہ کے منشور اور ویانا کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لے کر حالات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے بصورت دیگر اگر جنگ مسلط ہوئی تو پاکستان اپنے دفاع کا بھرپور حق استعمال کرنا جانتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات