Live Updates

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام سٹیک ہولڈرز سے بات کر کے دریائے سندھ سے نہروں کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کیا، شازیہ مری

منگل 29 اپریل 2025 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ نئی نہروں کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم رہیں گے، بلاول بھٹو زرداری نے نئی نہروں کے معاملے پر مسلسل آواز بلند کی اور وزیر اعظم سے مل کر مسئلے کے حل کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ہم حکومت میں تو ہیں لیکن کابینہ کا حصہ نہیں ہیں، سسٹم میں نہیں تھے اور اسی لیے ہم نے ہمیشہ اس منصوبے پر اعتراضات اٹھائے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے کینال منصوبے کو واضح موقف اختیار کیاجب کہ وزیراعلیٰ نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کی اور مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنا وعدہ پورا کیا۔شازیہ مری نے کہا کہ پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہےلیکن یہ کسی صوبے سے لڑائی کا معاملہ نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ احتجاج سب کا حق ہے، تاہم اگر احتجاج میں انتشار اور نفرت شامل ہو جائے تو اس سے ریاست کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نمائندے بھیجے گئے اور وہاں کسی قسم کے کینال کے کام کی تصدیق نہیں ہوئی۔بھارت سے متعلق سوال پر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی لیکن بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کا اپنا سکیورٹی لیپس تھا، اور جب بھی ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے، بھارت توپوں کا رخ پاکستان کی طرف کر لیتا ہے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مودی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، کیونکہ یہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت ممکن نہیں۔شازیہ مری نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں بھی اس مسئلے پر مؤثر انداز میں آواز بلند کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات