Live Updates

پاکستانی قوم بھارت کی گیدڑ بھپکیوں سے نہیں ڈرتی،امان پراچہ، زبیرطفیل

ہرقدم پاک فوج کے ساتھ ہیں،آصف سخی،عبدالمہیمن خان اور علی حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 29 اپریل 2025 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی)کے نائب صدر امان پراچہ،یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل نے گزشتہ روز فیڈریشن ہائوس میں نائب صدورآصف سخی،عبدالمہیمن خان اور ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز رہنماعلی حیدرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور سے اعلان کیا کہ بزنس کمیونٹی سمیت پوری پاکستانی قوم بھارت کی گیدڑ بھپکیوں سے نہیں ڈرتی،دنیا بخوبی جان چکی ہے کہ اصل دہشت گرد انڈین حکومت ہی ہے جو موودی کی قیادت میں دہشت گردوں کو پال رہی ہے،دورجدید میں بھارتی عوام بھی موودی کے جھوٹ کو سمجھ چکے ہیں اوراگر موودی حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی بھی مہم شروع کی تو اسے سفارتی،عوامی اوردنیاوی سطح پر شکست ہوگی،پاکستان بھر کی کاروباری برادری اپنے بزنس لیڈر ڈاکٹر گوہر اعجازاورایس ایم تنویر کی سربراہی میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

نائب صدرامان پراچہ نے کہا کہ کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر ملک ہے اور ہماری ملکی قیادت صرف اپنے ملک سے نہیں بلکہ پورے خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، بھارت ہر دہشت گردی کے واقعے کا فوری الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے لیکن مودی حکومت کو پہلگام کے ڈرامے سے پوری دنیا میں رسوائی ملی ہے جس پر بھارت کی عوام کو اپنے بدنام ترین وزیراعظم پر فخر کرنا ہوگا۔

صدر یونائٹیڈ بزنس گروپ زبیر طفیل نے کہا کہ انڈیا کو پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ایسی کوئی بھی کوشش کی گئی تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے، مودی حکومت کو پہلگام کے ڈرامے سے پوری دنیا میں ذلت اٹھانی پڑی ہے ، مودی کا چہرہ اب بے نقاب ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ،ملک کی سلامتی واستحکام پر آنچ آنے نہیں دینگے، اب دھونس اور دھمکیوں کا زمانہ نہیں ،پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں* ہوتا ہے جو دشمن کو اونچائی سے گرانا اچھی طرح جانتی ہیں ۔

زبیرطفیل نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کی پاکستان دشمنی نے الٹا بھارت کو ہی معاشی طور سے نقصان پہنچایا ہے، پاکستان کے راستے افغانستان تک تجارت بند ہونے کے باعث بھارت کو ایک ارب 14 کروڑ ڈالر کا تجارتی نقصان ہو رہا ہے، کئی ممالک سے بھارت کے تجارتی روابط متاثر ہو رہے ہیں بلکہ خطے میں سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ریجنل چیئرمین و نائب صدر، ایف پی سی سی آئی عبدالمہیمن خان اورنائب صدر آصف سخی نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی 5 ٹاپ افواج میں شامل ہے،پاکستان کی افواج کی ہر ممکن مدد کریں گے اورہم انڈیا کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں ، پاکستانی قوم وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طورپر تحقیق اور شواہد کے بغیر بھارت پرا لزام تراشی نہیں کرتا لیکن بھارت کا پرانا وطیرا رہاہے کہ ہر چھوٹے بڑے واقعے کا الزام بلا تحقیق پاکستان پر لگاکر اپنی انتظامی نااہلی کو چھپانے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات