Live Updates

پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کا کینالز منصوبے کو مسترد کرنے پر یکم مئی کو ریلی نکالنے کا اعلان

کینالز کے مسئلے کا حل ہم نے کرایا ہے لیکن آج بھی اپوزیشن اس کا کریڈٹ ہمیں یا سندھ کے عوام کو نہیں دینا چاہ رہی ہے،سعید غنی

منگل 29 اپریل 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی کینالز کے ایشو پر جدوجہد اور صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یکم مئی کو ٹاور تا سندھ اسمبلی چوک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کررہی ہے۔

24 مئی کو کراچی ڈویژن کے تحت کراچی میں ایک عظیم الشان جلسہ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس معاملہ پر پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، وزیر اعلی سندھ کے مشیر سید نجمی عالم، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر جاوید ناگوری، سنئیر نائب صدر عبدالرزاق راجہ، خواتین ونگ کراچی کی صدر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، نائب صدر مرزا مقبول، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری آصف خان، تمام اضلاع کے صدور، جنرل سیکرٹریز و انفارمیشن سیکرٹریز، تمام ذیلی تنظیموں کے صدور و جنرل سیکرٹریز و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، تاج حیدر، شہید عامر بھٹو، منیرہ شاکر کے شوہر سمیت دیگر کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سنئیر کارکن اور صوبائی جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی کو پارٹی کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ کینالز کے مسئلے کا حل ہم نے کرایا ہے لیکن آج بھی اپوزیشن اس کا کریڈٹ ہمیں یا سندھ کے عوام کو نہیں دینا چاہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی، بھارتی جارحیت کے خلاف اور کینالز پر سندھ کے عوام کی جدوجہد و صدر پاکستان آصف علی زرداری، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ کی کاوشوں پر اظہار تشکر کے حوالے سے شام 6 بجے ٹاور تا سندھ اسمبلی چوک ریلی نکالی جائے گی۔ جبکہ 24 مئی کو کراچی ڈویژن کے تحت ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا، اس جلسہ میں سندھ بھر سے عوام کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی۔

سعید غنی نے کہا کہ جلسہ سے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی خدمات، بھارتی جارحیت کے خلاف اور کینالز کے اشیو پر سندھ کے عوام کی جدوجہد و پیپلز پارٹی کے سی سی آئی میں اس کے خلاف منظوری کے حوالے سے تین قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے کہا ہے کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی ایک بڑی سازش سے بچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی اس حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کی وجہ سے پورے ملک کے عوام سرخ رو ہوئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں نے کہا کہ بروز بدھ 30 اپریل کو شام 5 بجے، آرٹس کونسل کراچی میں یوم مئی کے حوالے سے پیپلز لیبر بیورو کی طرف سے مزدوروں کا جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، جس سے صوبائی اور کراچی ڈویژن اور مزدور رہنما خطاب کریں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات