Live Updates

ہماری مسلح افواج ملک کے کونے کونے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں ،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی

بدھ 30 اپریل 2025 17:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے کونے کونے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں ۔ انہوں نے ملتان میں قومی یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے وطن عزیز کے تحفظ اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں تمام مسالک کے علمائے کرام کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم قومی یکجہتی کی چھتری تلے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل کر خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہ استحکام وزیراعظم اور آرمی چیف کی بھرپور کوششوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہمیں اسے مزید تقویت دینی ہے۔

قوم متحد ہے اور دشمنوں کے تمام عزائم خاک میں مل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کے کونے کونے کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں ۔پاکستان کے استحکام اور یکجہتی کےلئے علما کا کردار بھی ناگزیر ہے۔ ہمارے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جس کے ثبوت پاکستان دنیا کو دکھا رہا ہے۔پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ ہے ،وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے واقعہ کی عالمی سطح پر تحقیقات کرنے کا جو عندیہ دیا ہے اس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔

فلسطین کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔پاکستانی عوام فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے جتنے بھی واقعات ہوئے، ان کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ بھارت نے کبھی پانی بند کرنے کی دھمکی دی تو کبھی جارحیت کا شوشہ چھوڑا لیکن مودی سرکار سن لے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور ہماری 24 کروڑ عوام اپنے سپہ سالار کی قیادت میں ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے بلکہ امن کے خواہاں ہیں لیکن اگر بھا رت نے جارحیت کی تو پاکستان کی مسلح افواج اور قوم اسے منہ توڑ جواب دے گی۔ مولانا عبدالخبیرآزاد نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کے مسلمان آزادی کے لیے جدوجہد رہے ہیں اور ہم ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ علما کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ وحدت اور یکجہتی کے پیغام کو عام کریں اور آئین کی بالادستی کے ذریعے ملک کو مضبوط بنائیں اور یہ پیغام دیں کہ پاکستان ایک مضبو ط قوم ہے۔

کانفرنس میں علامہ رشید ترابی،مفتی اسحاق ساقی،مفتی فتح محمد راشدی،مولانا عبدالستار نیازی،قاری عثمان جالندھری اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام سمیت چاروں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز ،پولیس حکام اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات