Live Updates

امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ،شہباز شریف نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کر دی

پاک بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کیلئے امریکہ متحرک ہوگیا،وزیر اعظم اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 1 مئی 2025 10:58

امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ،شہباز شریف نے پہلگام ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم مئی 2025)امریکی وزیر خارجہ مارکو بیورو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،وزیراعظم نے امریکی وزیرخارجہ کو پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کر دی،پاک بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کیلئے امریکہ متحرک ہوگیا،وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو بیورو سے گفتگو کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی جبکہ پاکستان کو 152 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

مارکو روبیو نے جنوبی ایشیا میں امن کیلئے دونوں فریقوں کے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔قبل ازیںامریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کیاتھا اور انہیں حالیہ کشیدگی میں ملکر کمی لانے پر زور دیاتھا۔امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزنائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا اور پانی روکا تو یہ جنگ کے مترادف ہے اور ہم اس کا بھرپور دفاع کریں گے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے جبکہ بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی سے پاکستان سمیت مختلف ممالک متاثر ہوئے تھے۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور ترجمان وزارت خارجہ کے ہمراہ دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی کا شکار تھے۔

ہم نے بھارتی اقدامات کے بعد مختلف ممالک سے رابطے کر کے دنیا کو صورت حال سے آگاہ کیاتھا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے عالمی برادری کے ساتھ ملکر انسداد دہشت گردی کیلئے کام کیا تھا جبکہ بھارت پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں دہشت گردی میں ملوث رہی تھا۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ پاکستان کو دہشت گردی سے سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہواتھا۔ وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم نے بتایاتھا کہ پہلگام واقعے کے بعد مختلف ملکوں کے رہنماوں سے صورت حال پر بات ہوئی، دہشت گردی کے ہر واقعے کا الزام لگانا بھارت کا وطیرہ تھا جس کی آڑ میں وہ اصل مسائل کو چھپانے کی کوشش کرتا تھا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات