Live Updates

پیغام دینا چاہئے اگر بھارت نے مہم جوئی کی تو اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا،عمرایوب

جب ہمارا اس واقعے سے تعلق ہی نہیں تو تحقیقات کی پیشکش کیوں کی گئی ،کیا ہم خود پر الزام تسلیم کر رہے ہیں ، قومی اسمبلی میں اظہار خیال

پیر 5 مئی 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بھارت کو واضح پیغام دینا چاہئے اگر مہم جوئی کی تو اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا، جب ہمارا اس واقعے سے تعلق ہی نہیں تو تحقیقات کی پیشکش کیوں کی گئی ،کیا ہم خود پر الزام تسلیم کر رہے ہیں ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں بھارتی جارحیت، پہلگام فالس فلیگ آپریشن، سندھ طاس معاہدے اور داخلی سیکیورٹی پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کسی بھی وقت اشتعال انگیزی کر سکتی ہے، ایسے میں پاکستان کو واضح اور دو ٹوک پیغام دینا چاہیے کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ پاکستان سے تقریباً ساڑھے چار سو کلومیٹر دور پیش آیا جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں پاکستان کبھی بھی اس طرح کے حملوں میں ملوث نہیں رہا۔ انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمارا اس واقعے سے تعلق ہی نہیں تو انویسٹی گیشن کی پیشکش کیوں ،کیا ہم خود پر الزام تسلیم کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر ایک قومی لیڈر کی نہیں بلکہ کمزور رویے کا اظہار تھی۔انہوں نے ایوان سے سوال کیا کہ کیا ہمارے پاس گولے بارود کی کمی ہی کیا ہماری فوج اور قوم تیار نہیں اگر حکومت تسلی دے تو قوم مطمئن ہو جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ یہ جنگ مختصر ضرور ہوگی لیکن اس کی شدت اور تباہی بہت خطرناک ہوگی اور ہمیں پہلے سے تیار رہنا ہوگا۔

عمر ایوب نے واضح کیا کہ بھارت کی طرف سے براہموس میزائل کے تجربات ہو رہے ہیں اور مودی کی حکومت کسی بھی وقت اشتعال انگیزی کر سکتی ہے۔ ایسے میں پاکستان کو واضح اور دو ٹوک پیغام دینا چاہیے کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا۔انہوں نے اندرونی حالات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا آج بلوچستان میں حالات خراب ہیں اختر مینگل اور ان کے ساتھیوں کو روکا گیا، ماہرنگ بلوچ کو جیل میں ڈالا گیا، یہاں تک کہ ایک حکومتی ایم این اے کو بھی گارڈز سمیت روکا گیا حکومت بتائے، رٹ کہاں ہی عمر ایوب نے ایوان کو آگاہ کیا کہ کاٹلنگ ڈرون حملے پر میری تقریر کا ریکارڈ غائب کر دیا گیا اور نہروں سے متعلق جمع کرائی گئی قرارداد بھی ایوان کے ریکارڈ سے غائب ہے کیا یہ ہے جمہوریت اور شفافیت انہوں نے سندھ طاس معاہدے پر حکومت کے کمزور مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا آج بھارت اس معاہدے کو وپنائز کر رہا ہے جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے معاہدہ توڑا، تو یہ کھلی جنگ کے مترادف ہوگا اور ہمیں اس کا جواب اسی شدت سے دینا ہوگا۔عمر ایوب نے عمران خان کی قیادت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا آج قوم کو عمران خان جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جو مودی جیسے ہٹلر کو روک سکے۔ عمران خان نے کہا تھا اگر حملہ ہوا تو پہلے ہم ماریں گے اور ان کے جہاز گرا کر یہ ثابت بھی کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات