Live Updates

پہلگام واقعے کے الزام میں گرفتار کشمیریوں کی تشدد زدہ لاشیں ملنا ، انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ‘جاوید قصوری

منگل 6 مئی 2025 14:40

پہلگام واقعے کے الزام میں گرفتار کشمیریوں کی تشدد زدہ لاشیں ملنا ، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے پہلگام واقعے کے الزام میں گرفتار کشمیریوں کی تشدد زدہ لاشیں ملنا ، انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور بھارتی فوج کے گھناونے کردار کی عکاسی کرتا ہے ،پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی غیر متزلزل حمایت کرتی ہے اور کشمیر کو اپنی شہ رگ مانتی ہے ،بھارت نے اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے غاصبانہ قبضہ کرکے 80لاکھ مسلمانوںکو یرغمال بنایا ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر نہ صرف بھارت بلکہ دنیا میں بھی سوالات اٹھ رہے ہیں ، یہ مودی حکومت کا منصوبہ تھا جس کا مقصد اپنے لوگوں کو گمراہ کرتے ہوئے سیاسی ساکھ کو بحال کرنا ، بھارت کے اندرونی گھمبیر قسم کے حالات سے توجہ ہٹانا اور پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی ایک ناکام کوشش تھی جس میں مودی حکومت بری طرح بے نقاب ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بگلیہار ڈیم کے ذریعے دریائے چناب کا پانی روکنا ،ہندوستان کی آبی جارحیت ہے جس کا پوری قوت سے جواب دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت شروع دن سے خطے کا چوہدری بننا چاہتا ہے اور اس کے لئے وہ دہشت گردی کا سہارا لے رہا ہے ۔ گجرات کے قصائی نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ عالمی برادری اگر نہیں چاہتی کہ دو ایٹمی قوتیں آپس میں لڑیں تو بھارت کی دہشت گردی کو لگام ڈالنا ہو گی ۔

پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو اپنے دفاع کا حق رکھتی ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ غزہ میں عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے والی ریسکیو ٹیم پر اسرائیلی فوج کی بمباری درحقیقت اقوام متحدہ کے منہ میں طمانچہ ہے ۔اسرائیلی فورسز نے مظالم کی انتہا کر دی ہے ۔ساٹھ ہزار سے زائد افراد شہید ، لاکھوں زخمی ہیں 18لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں ۔بھارت اور اسرائیل دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور امریکہ ان کی سرپرستی کر رہا ہے ۔ جن کا مقصد مسلمانوں کو نقصان پہنچانا اور ان کا قتل عالم کرنا ہے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات