Live Updates

پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، رانا ثناء اللہ

سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق اور اختلاف کی باتیں ہوتی رہتی ہیں، پی ٹی آئی یا دوسری جماعتیں جب چاہیں ہم بات کرنے کو تیار ہیں، بنیادی معاملات پر چارٹر آف اکانومی میں پاکستان تحریک انصاف کو شامل ہونا چاہیے، وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 11:20

پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، رانا ثناء ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں،سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق اور اختلاف کی باتیں ہوتی رہتی ہیں ، پی ٹی آئی یا دوسری جماعتیں جب چاہیں ہم بات کرنے کو تیار ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں سیاسی جماعتوں نے معاملات چلانے ہوتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف پہلے بھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کر چکے ہیں۔ اور اب بھی ملکی مفاد کیلئے پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی معاملات پر چارٹر آف اکانومی میں پاکستان تحریک انصاف کو شامل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

حالیہ صورتحال میں نواز شریف کی رہنمائی حکومت کو حاصل رہی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نیول اور ایئرچیف نے بھی پاک بھارت کشیدہ صورتحال میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہناہے کہ بھارت نے ہم پرحملہ کیا تو ہم نے اس کابھرپور دفاع کیا اوردشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ہماری پاک فوج نے نہایت جوانمردی سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ مغربی محاذ پر پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ گوریلا ہتھکنڈوں کا استعمال کیا جا رہا ہے اور گوریلا ہتھکنڈوں میں ویرانی میں بس پر حملہ اور ٹرین کو نشانہ بنانا شامل ہے۔ بھارت دہشت گردوں کوباقاعدہ تربیت دے کر خیبرپختونخوا ہ بھی بھیجتے ہیں جبکہ بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کی تربیت کرتا ہے۔

دہشت گردوں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر انداز میں آپریشن کر رہے ہیں۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت بھی ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ان کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو مارا جا رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات