Live Updates

رافیل کے مقابلے میں ابابیل کی جیت،جو پاکستان سے ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا: سراج الحق

جمعرات 15 مئی 2025 19:55

+لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) سابق امیر جماعت اسلامی سراج ٌالحق نے کہا ہے کہ جامع مسجد ام القریٰ میں بھارتی حملے کے مناظر دیکھے،مودی ہٹلر سے بھی آگے بڑھ چکا،بھارت کو ٹکڑے ہونے سے اب کوئی نہیں بچا سکتا،تعلیمی اداروں،مساجد پر بھارتی حملے یہ بزدلانہ کاروائی ہے،افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ایم ایم عالم کی یادیں آج پھر تازہ کردیں، رافیل کے مقابلے میں ہمارا ابابیل جیت گیا،عیاں ہو چکا ہے جو پاکستان سے ٹکرائے گاپاش پاش ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی حملے میں شہید مسجد ام القریٰ کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ہدیة الھادی پاکستان کے امیر پیر سید ہارون علی گیلانی، مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ،جماعت اسلامی پنجاب کے رہنما جاوید قصوری بھی انکے ہمراہ تھے، سراج الحق نے مرید کے میں جامع مسجد ام القریٰ،تعلیمی کمپلیکس کا معائنہ کیا اور بھارتی حملے کی مذمت کی، میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت نے مرید کے کی مسجد،تعلیمی کمپلیکس پر چار میزائل برسائے، یہاں مسجد،گھر،ہاسٹل شہید ہوئے، مریدکے میں آج شہریوں سے ملاقات کا موقع ملا،بھارتی حملے کے باوجود یہاں کے باسی پرعزم،پرجوش ہیں، مودی سرکار ہٹلر سے بھی آگے بڑھ چکی لیکن میں کہتا ہوں کہ اب بھارت کے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا،بھارتی حملے کے بعد قوم ایک پیج پر آ گئی، ایٹمی پاور سے قومی اتحاد و وحدت زیادہ پاور فل ہوتا ہے، غزہ اور کشمیر کا مسئلہ ایک ہے، غزہ کے باسیوں نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کر دیا،یہاں اکھنڈ بھارت کا منصوبہ مٹی میں ملا دیا گیا۔

(جاری ہے)

پیر سید ہارون علی گیلانی کا کہنا تھاکہ بھارتی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، تعلیمی کمپلیکس،مساجد پر حملے مودی کی موذی حرکات ہیں، تعلیمی ادارے دہشت گردی نہیں پھیلا رہے، مسلح افواج کو بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں.ہم کہتے ہیں اسی رات ہی جواب دیتے تو اگلے حملوں کی نوبت نہ آتی، اب بھارت سو بار سوچے گا، مرید کے کی عوام کا حوصلہ دیکھ کر کہتا کہ اب بھارت ٹوٹتا جائے گا بکھرتا جائے گا۔

قاری محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ مودی نے تعلیمی اداروں اور مساجد کو ٹارگٹ کیا،پاکستان نے کسی مذہبی جگہ کو ٹارگٹ نہیں بنایا نہ شہری علاقے کو بلکہ جہاں سے دہشت گردی ہوئی اس کو ٹارگٹ بنایا،مودی اور نیتن یاہو ایک سکے کے دو رخ ہیں،مودی عالمی دہشت گرد ہے،پوری امت یکجا ہو اور او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے ،یہ بات کہنا کہ دہشت گردوں کے اڈے پر حملہ کیا دنیا جانتی ہے یہ ایک تعلیمی کمپلیکس ہے۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ مودی نے مسجد اور تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا یہ سب ہندو توا نظریہ کا ایجنڈا ہے،ہندوستان میں بھی مساجد کو نشانہ بنا رہا اور پاکستان میں بھی مسجد کو نشانہ بنا رہا ہے،مریدکے کے لوگوں کا جذبہ دیکھ کر لگ رہا ہے مودی کا حوصلے پست کرنے کا ایجنڈا ناکام ہو ا.بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پرہم پاکستان کی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات