Live Updates

وزیراعظم اور آرمی چیف کی سکوارڈن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر آمد،اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار

شہباز شریف اور جنرل سید عاصم منیر نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور وزیر اعظم اور آرمی چیف نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی، وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 16 مئی 2025 13:27

وزیراعظم اور آرمی چیف کی سکوارڈن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر آمد،اہلخانہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 مئی 2025)وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سکوارڈن لیڈر عثمان شہید کے گھر آمد،اہلخانہ سے تعزیت کااظہار کیا،معرکہ حق کی کامیابی وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کی گھر پہنچے اور شہید کے اہلِخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے شہید کے اہلِخانہ سے ملاقات کی اور وزیر اعظم اور آرمی چیف نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔وزیراعظم پاکستان نے معرکہ حق کے دوران سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری بھی سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، شہید کی وطن کیلئے خدمات اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ہم اپنے شہداءاور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے۔ 7 اور 8 مئی کی شب بھارت کی جانب سے حملے کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے اسکاڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید ہوگئے تھے۔پاکستانی قوم اور شہداءکے اہلِ خانہ بھی آپریشن ”بنیان مرصوص“ کی عظیم فتح پر یومِ تشکر منا رہے ہیں۔

شہداءکے اہل خانہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک بزدل دشمن ہے جس نے رات کے اندھیرے میں معصوم سویلینز پر حملہ کیا۔ عوام اور پاک فوج اس مشکل گھڑی میں متحد ہو کر ساتھ کھڑے رہے۔یوم تشکر کے موقع پر میجر ذکا شہید کے اہل خانہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداءہمارا فخر ہیں۔ میجر ذکا شہید نے 2012 میں سیاچن میں گیاری سیکٹر کے محاذ پر دفاع وطن میں جام شہادت نوش کیا۔

یوم تشکر کے موقع پر میجر ذکا شہید کے سوگواران کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے گیاری میں جام شہادت نوش کیا۔ افواج پاکستان کی بھارت کے خلاف عظیم فتح پر مجھے بہت خوشی ہوئی۔میجر ذکا شہید کے والد کا کہنا تھا کہ مودی نے جہاز تو خرید لئے مگر پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے جیسا جذبہ کہاں سے لے گا۔ پاک فوج کے جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں۔میجر ذکا شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ جب مجھے پاکستان کی مسلح افواج کی فتح کی خبر ملی تو میں نے سجدہ شکر ادا کیا، میں نے دشمن کی شکست کی دعائیں کیں۔

وطن پر جان نچھاور کرنے والے دو بھائیوں، سپاہی ارشد خان شہید اور حوالدار محمد زاہد شہید کے والدین کو انکی شہادت پر فخر ہے۔شہداءکی والدہ کا کہنا تھا کہ ”میرے دونوں بچے اس دھرتی اور وطن کی دفاع میں شہید ہوئے میں انکی شہادت پر فخر محسوس کرتی ہوں۔ میرے بچوں کی شہادت کے صدقے اللہ ہماری منزل آسان کرے۔ میرے دونوں بچے نیک صالح اور خدمت کرنے والے تھے۔

دونوں بچوں کی شہادت قلیل عرصے میں ہوئی، اللہ تعالیٰ ہمیں صبر عطا فرمائے۔اسی طرح آپریشن بنیان مرصوص میں شہید کیپٹن روح اللہ کے والد کا کہنا تھا کہ ”معرکہ حق، پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ افواجِ پاکستان نے اپنے عزم، حوصلے اور قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے۔“لواحقین نے کہا کہ پاک فوج نے فجر کے وقت آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کر کے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور پاک فوج نے ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جدید حکمت عملی، بہادر قیادت اور جذبہ شہادت سے لبریز قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات