اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 16 مئی 2025ء) پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن بات چیت مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے لیے ہونی چاہیے۔
پاکستان امن معاہدے کے لیے تیار ہے
شہباز شریف نے یہ پیشکش کامرہ ایئر بیس کے خصوصی دورے کے موقع پر پاک فضائیہ کے پائلٹس اور اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے حصول کے لیے بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن اس کی کچھ شرائط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، مگر دشمن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھے۔بھارت اور پاکستان میں اب ایک نئی سفارتی جنگ
وزیر اعظم پاکستان نے بھارت سے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کرے، اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔
(جاری ہے)
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر پہلگام واقعے کا غلط الزام لگایا گیا، ''پاکستان واقعے کی شفاف تحقیقات چاہتا تھا لیکن بھارت نے تحقیقات کرانے کے بجائے جارحیت کا سہارا لیا۔‘‘
پاکستانی فوج کی تعریف
شہباز شریف نے پاکستانی مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے21 ویں صدی کی طویل ترین فضائی جھڑپوں میں سے ایک کے دوران کامیابی سے قوم کا دفاع کیا۔
پاکستان کی طرف سے مودی کی دھمکی کے خلاف انتباہ
انہوں نے کہا کہ ہمارے''شاہینوں‘‘ نے محاذ آرائی کے دوران دشمن کے فضائی تسلط کا بھرم توڑ دیا۔ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا، ''6 مئی سے 10 مئی تک بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پوری دنیا پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے حیران رہ گئی اور پاکستان کے جواب سے دشمن ہکا بکا رہ گیا۔
‘‘انہوں نے کہا، ''پاکستان نے جس طرح بھارتی جارحیت کا جواب دیا اس کے بعد دنیا خصوصاً ہمارے دوستوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ یہ سب سے شاندار فتح تھی جس نے دنیا کی سوچ بدل دی اور خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا۔‘‘
بھارت کے 'چھ جنگی طیارے گرائے‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے پانچ نہیں بلکہ چھ جنگی طیارے گرائے ہیں جن میں تین فرانسیسی ساختہ رفائل طیارے بھی شامل ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا، ''بھارت نے اپنی برتری بنانے کے لیے دنیا بھر سے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدا لیکن ہمارے شاہینوں نے صرف ایک رات میں دشمن کے ایسے دانت کھٹے کیے کہ یہ رہتی دنیا یاد رکھے گا۔‘‘
شہباز شریف کے مطابق دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے عزم اور ٹیکنالوجی میں بھارت پر سبقت لی اور حمکت سے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
بھارت پاکستان امن معاہدہ کریں، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا، ''میرے خیال میں پاک بھارت تنازعہ حل ہوگیا ہے، ہماری بات پر پاکستان اور بھارت بہت خوش ہوئے، دونوں ممالک کو کہا کشیدگی کم کریں، ہم تجارت کرتے ہیں۔‘‘
پاکستان اور بھارت کے مابین جوہری جنگ کو رکوایا، امریکی صدر
ایئرفورس ون میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، ''دونوں کے درمیان معمولی نوعیت کا ایٹمی ٹکراؤ بھی ہوتا تو لاکھوں لوگ مارے جاتے، جس کے باعث ہمیں جنگ بندی کے لیے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنا پڑا۔
‘‘دریں اثنا پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملک کی افواج نے جمعرات کو باہمی فون کال کے دوران فائر بندی کو اتوار تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کو دونوں افواج کے رابطے ہوئے اور ''آج ہماری بات چیت ہوئی اور 18 مئی تک جنگ بندی ہے۔‘‘
ادارت: صلاح الدین زین