Live Updates

پاکستان سے سفارتی اور جنگی محاذ پر شکست؛ پریشان بھارتی حکومت کا دنیا کے ہنگامی دوروں کا فیصلہ

مودی حکومت کی جانب سے 70 ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں کو آپریشن سندور پر بریفنگ دینے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 15:55

پاکستان سے سفارتی اور جنگی محاذ پر شکست؛ پریشان بھارتی حکومت کا دنیا ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پریشان حکومت نے پاکستان سے جنگی محاذ پر شکست کے بعد 7 سفارتی وفد تشکیل دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے ایک سات رکنی وفد تشکیل دیا ہے جو دنیا بھر میں بھارت کے اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کرکے انہیں آپریشن سندور پر بریفنگ دے گا، تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں جو سلامتی کونسل کے رکن ممالک سمیت اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کریں گے اور آپریشن سندور سے متعلق آگاہی دیں گے، وفد میں کانگریس کے سینیئر لیڈر ششی تھرور، بی جے پی کے لوک سبھا ایم پی روی شنکر پرساد، جنتا دل یونائیٹڈ کے سنجے کمار جھا، بی جے پی ایم پی بائیجیانت پانڈا، ڈی ایم کے پارٹی کے کنیموزی کروناندھی، این سی پی کی سپریا سولے اور شیوسینا کے ایکناتھ شندے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس دورے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان بھی وفد کے ہمراہ ہوں گے، یہ وفد دیگر ممالک کی حکومتوں، وہاں کے تھنک ٹینکس اور میڈیا کو بھارتی حکومت کا نقطہ نظر پیش کریں گا، پارلیمانی ٹیم کے دورے اس ماہ کے آخر میں متوقع ہیں، اس کے علاوہ بھارت نے 70 ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں کو آپریشن سندور پر بریفنگ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر پاکستان کے معترف ہوگئے، بھارت کے جنگی جنون کو سفارتی محاذ پر منہ توڑ شکست کے بعد سے بھارت اپنی ہزیمت چھپانے میں مکمل ناکام ہوچکا ہے، صدر ٹرمپ نے مسلسل تیسری بار خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو عالمی سطح پر سراہا، فاکس نیوز انٹرویو میں ٹرمپ نے کھل کر پاکستان کی تعریف کی۔

امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے جنگ کے بجائے تجارت کو ترجیح دے کر عالمی قیادت کا ثبوت دیا، پاک بھارت کشیدگی ایٹمی جنگ کے قریب پہنچ چکی تھی، ہم نے ممکنہ ایٹمی تصادم کو روک کر خطے میں امن قائم رکھا، پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے، پاکستان نے تجارت کی پیشکش خوش دلی سے قبول کی جو خطے میں استحکام کی علامت ہے، پاکستان کے ساتھ زبردست بات چیت ہوئی، ہم انہیں نہیں بھول سکتے، پاکستانی لوگ ناصرف ذہین ہیں بلکہ پاکستان معیاری مصنوعات بنانے والا ملک ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے اہم اور دلیرانہ اقدام اٹھایا، مودی کی جنگی پالیسیاں خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، بھارت نے پہلے جنگ بندی کی اپیل کی، پھر ہٹ دھرمی سے ٹرمپ کو نشانہ بنایا، مودی سرکار کی جنگی سوچ نے بھارت کو عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا باعث بنایا، اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ ایپل کے سی ای او کو بھارت میں سرمایہ کاری سے روک چکے ہیں جو بھارتی معیشت کیلئے دھچکا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات