Live Updates

عالمی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ لڑنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری کا انتخاب جرات مند فیصلہ ہے، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

اتوار 18 مئی 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت، جنگی جنون اور سرحدی اشتعال انگیزیوں کے تناظر میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ اعلی سطحی قومی کمیٹی کی سربراہی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سونپنا نہ صرف دانشمندی کا مظہر ہے بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے اعزاز و افتخار کا باعث بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم، لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزیاں اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی مذموم کوششیں دنیا کے سامنے لانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت بن چکی ہیں، ایسے میں بلاول بھٹو زرداری جیسے مدبر اور بین الاقوامی امور کے فہم رکھنے والے نوجوان رہنما کو یہ ذمہ داری سونپنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سفارتی محاذ پر ایک مضبوط اور مربوط موقف کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک ایسا نام ہے جس نے کم عمری میں ہی اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا نہ صرف اندرون ملک منوایا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کیا، جلیل عباس جیلانی، سینیٹر شیری رحمن جیسے سینئر ماہرین کی موجودگی میں انہیں بطور سربراہ چننا ریاستی اداروں اور حکومت کی مکمل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نیوکلیئر ویژن، محترمہ بینظیر بھٹو کی دفاعی حکمت عملی،صدر آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کی عالمی سطح پر مضبوط خارجہ پالیسی نے پاکستان کو مضبوط دفاع فراہم کیا، آج جے ایف تھنڈر، گوادر پورٹ، چائنا کے ساتھ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ اور مضبوط ایئر ڈیفنس سسٹمز اس حقیقت کا عملی ثبوت ہیں کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات