Live Updates

کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، فتنة الخوارج کے 3 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ، دھماکا خیز مواد برآمد

جمعرات 22 مئی 2025 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)کراچی میں دہشتگردی کا ممکنہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پاکستان رینجرز (سندھ) اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنة الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں نعمت اللہ، نور محمد اور صابر اللہ شامل ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔

ملزمان عسکری تربیت یافتہ، رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے وابستہ ہیں، نعمت اللہ 2018 میں فتنة الخوارج میں شامل ہوا تھا، اور افغانستان سے تربیت حاصل کرکے آیا ہے۔نعمت اللہ 2 بار دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے، جب کہ نور محمد 2022 سے فتنہ الخوارج اسلام الدین گروپ کا سرگرم رکن ہے، نور محمد کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

صابر اللہ 2018 سے فتنہ الخوارج کا رکن ہے، سوشل میڈیا پر سرگرم رہا۔دہشت گردوں کو کراچی میں کسی بڑی کارروائی کرنے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔واضح رہے کہ حالیہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی پراکسی تنظیموں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل ای) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مختلف گروپوں کو فنڈنگ اور اسلحہ دیکر متحرک کیا ہے۔

گزشتہ روز بلوچستان میں ایک بزدلانہ کارروائی میں بھارت کے اسپانسرڈ دہشتگردوں نے خضدار میں معصوم طلبہ کی اسکول کی بس کو حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے تھے۔پاکستان نے حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کے بعد دہشتگردوں کو چن چن کر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ملک بھر میں سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں، اور مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات