Live Updates

عمران خان نے تیسری مرتبہ پھر پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے اورتفتیشی عمل میں تعاون سے انکار کر دیا

عمران خان نے تفتیشی افسران سے ملاقات کے بجائے اپنا تحریری جواب بھجوایا دیا، بانی پی ٹی آئی کے انکار کے بعد تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 22 مئی 2025 15:20

عمران خان نے تیسری مرتبہ پھر پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی 2025)بانی پی ٹی آئی عمران خان تیسری مرتبہ پھر پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے اورتفتیشی عمل میں تعاون سے انکار کر دیا ، بانی پی ٹی آئی کے انکار کے بعدتفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی،عمران خان نے تفتیشی افسران سے ملاقات کے بجائے ایک تحریری موقف کے ذریعے اپنا جواب بھجوایا جس میں واضح کیا گیا کہ وہ یہ ٹیسٹ نہیں کروائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میںشامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم خصوصی طور پر اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاکہ عمران خان سے پولی گراف یعنی جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کی اجازت حاصل کی جا سکے۔تفتیشی ٹیم کو دئیے گئے تحریری موقف میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ تمام عمل صرف پراسیکیوشن کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ان پر دباو ڈالنا اور سیاسی انتقام کو قانونی لبادہ دینا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پولی گراف، فوٹو گرامیٹرک اور وائس میچنگ ٹیسٹ انتہائی ضروری ہیں، اور ان کے بغیر تفتیش آگے نہیں بڑھ سکتی۔9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق بانی پی ٹی آئی پر 11 مقدمات درج ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں تاہم بار بار تفتیش سے انکار تفتیشی عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے۔9 مئی کے واقعات میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوں پر ریاستی اداروں پر حملوں، اشتعال انگیزی اور نقصِ امن کے سنگین الزامات عائد ہیں۔

دوسری جانب جی ایچ کیو حملہ کیس میں پولیس اہل کاروں اور مجسٹریٹ کے بیانات کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کیا گیا۔بابر اعوان، ریحانہ ڈار، حسنین سنبل، نعیم پنجوتھا، علی اعجاز بٹر، شبلی فراز، عمران خان کی بہن علیمہ خان، وکیل تابش فاروق اور خالد یوسف چوہدری بھی اڈیالہ جیل پہنچے ۔

پولیس ہیڈ کانسٹیبل قدیر کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں مجسٹریٹ کا بھی بیان قلمبند کیا گیا اور سب انسپکٹر ریاض کا جزوی بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ روز بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور کی تفتیشی ٹیم کے ساتھ شامل تفتیش ہونے سے دوسرے دن بھی انکار کیا تھا۔ ڈی ایس پی جاوید آصف کی سربراہی میں 13 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی جہا ں انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تین ٹیسٹ پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے تھے۔

تفتیشی افسران میں انسپکٹرز محمد عالم، ممتاز حسین، تصدق حسین، رانا محمد ارحم، زاہد سلیم، محمد فیاض، محمد نوید، رانا محمد اکمل، محمد سلیم سندھو شامل تھے۔ٹیم میں فارنزک ٹیم کے تکنیکی ماہرین میں عابد ایوب، وقاص خالد قریشی، عثمان احمد خالدبھی شامل تھے۔بانی پی ٹی آئی نے وکلاءکی عدم موجودگی میں پولیس تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کیاتھا۔جیل میں عملہ بانی پی ٹی آئی کو سیل میں بلانے کیلئے گیا لیکن وہ نہیں آئے اور وکلا کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات