Live Updates

جنرل حافظ عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا بیان پارٹی پالیسی سے متصادم قرار

جمعرات 22 مئی 2025 22:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء) تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جنرل حافظ عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے بیان کو پارٹی پالیسی سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیرسٹر گوہر کی ذاتی رائے ہے جس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں‘ سابق چیئرمین کی موجودگی میں بیرسٹر گوہر پارٹی کی ترجمانی نہیں کرسکتے۔

گزشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو کیس لگا ہوا تھا تین چار گھنٹے ہم بیٹھے رہے لیکن ہمیں سماعت میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ملی۔ سابق چیئرمین نے عدالت کو بتایا کہ میری بہن باہر ہے انکو اندر آنے دیں لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں اندر نہیں بلایا گیا ۔

(جاری ہے)

ہماری ملاقاتوں میں بھی رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔ سابق چیئرمین نے کہا ہے ایک قیدی کی سہولت بھی انہیں نہیں دی جارہیں انہیں کتابیں نہیں دی جارہی نہ بچوں سے بات کروا رہے ہیں انہیں بالکل تنہا کیا جارہا ہے یہاں عدالتی کے احکامات نہیں مانے جا رہے جمہوریت آئین و قانون کی حکمرانی اور اخلاقیات پر کھڑی ہوتی ہے اور پاکستان میں یہ دونوں چیزیں دفن کردی گئی ہیں‘ سب سے بڑے ڈاکوؤں کو اوپر بٹھا دیا گیا ہے‘ الیکشن کمشنر کی مدت پوری ہوچکی ہے وہ بیٹھا ہوا ہے حالانکہ ابھی تک نئے الیکشن کمشنر کو تعینات ہوجانا چاہئے۔

الیکشن کمشنر کی تعیناتی اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہوتی ہے اسلئے یہ تعیناتی نہیں کررہے۔ سابق چیئرمین نے کہا کہ یہ نظام ایسے نہیں چل سکتا پاکستان کو اس وقت متحد ہونا چاہئے آج سابق چیئرمین نے دوبارہ کہا ہے مودی کوئی نہ کوئی شرارت ضرور کرے گا‘ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے اگر بھارت ہے تو اسکا مطلب مودی ایکٹیو ہوچکا ہے سابق چیئرمین نے کہا ہے وہ پاکستان کی خاطر اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے واضح کہا ہے انہیں کوئی ملنے نہیں آیا ہے پارٹی کے اندر سے بھی اگر کوئی مذاکرات کی بات کرے تو ہم نہیں مانیں گے یہ خبریں صرف توجہ ہٹانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا خطاب دینے پر بیان ذاتی حیثیت میں دیا ہے سابق چیئرمین کا بیان کل ہم نے دے دیا ہے سابق چیئرمین کے ہوتے ہوئے بیرسٹر گوہر پارٹی کی ترجمانی نہیں کرسکتے اگر بیرسٹر گوہر خان نے کوئی خراج تحسین پیش کیا تو ذاتی حیثیت میں کیا ہے ‘پارٹی کی رائے بیرسٹر گوہر خان کی رائے نہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات