Live Updates

عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے کے ہرجانہ کیس میں وکیل کی وزیراعظم شہباز شریف سے جرح

ہفتہ 24 مئی 2025 15:05

عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے کے ہرجانہ کیس میں وکیل کی وزیراعظم شہباز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی۔عمران خان کے وکیل نے شہباز شریف کے بیان پر جرح کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ نے دعوے میں پانامہ کیس کا ذکر کیا ہے، اس کیس کے بارے میں کیا جانتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محمد حسین چوٹیا صاحب بہت پروفیشنل ہیں، یہ بات پھر کہہ رہاہوں، مجھ پر بہت بڑا بد دیانتی کا الزام عائد کیا گیا تھا، 10 ارب روپے کا الزام لگایا گیا تھا، یہ سیدھا سا کیس ہے۔

وکیل نے کہا کہ آپ پانامہ کیس کے بارے میں کیا جانتے ہیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ اخبارات میں پانامہ پیپرز کا ذکر آیا تھا، مجھے تفصیلات کا علم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ کیا ہوا تھا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ پانامہ کیس میرے خلاف نہیں تھا، فیصلے کا علم نہیں ہے۔عمران خان کے وکیل نے سوال کیا کہ پانامہ کیس میں فریق کون تھی ۔

شہباز شریف نے جواب دیا کہ میں فریق نہیں تھا مگر یہ سب ریکارڈ کا حصہ ہے۔وکیل نے کہا کہ پانامہ کیس سپریم کورٹ میں مدعی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مدعا علیہ نواز شریف تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہوں گے مگر میں کیس کا فریق نہیں تھا، مجھے تفصیلات کا علم نہیں ہے۔بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 2جون 2025تک ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات