Live Updates

جناح ہاؤس حملہ کیس؛ اعجاز چوہدری و عمر سرفراز چیمہ سمیت 252 افراد پر فردِ جرم عائد

مقدمے میں نامزد پانچ ملزمان دورانِ سماعت وفات پا چکے ہیں، 9 دیگر کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 مئی 2025 16:32

جناح ہاؤس حملہ کیس؛ اعجاز چوہدری و عمر سرفراز چیمہ سمیت 252 افراد پر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2025ء ) جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت 252 افراد پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نو مئی کو جناح ہاؤس پر ہونے والے حملے کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت 252 ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کیس کی سماعت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں اے ٹی سی کے جج نے کی جہاں ملزمان کو سخت سکیورٹی میں پیش کیا گیا، اس موقع پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ’مقدمے میں نامزد پانچ ملزمان دورانِ سماعت وفات پا چکے ہیں، نو دیگر کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے‘، جناح ہاؤس حملہ کیس میں فردِ جرم عائد ہونے کے بعد باقاعدہ ٹرائل کا آغاز متوقع ہے، عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ انسداد دہشت عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سینیٹر اعجاز چوہدری سمیت کل 266 ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کیا تھا، لاہور انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مختلف کیسز پر سماعت کی، گزشتہ سماعت پر عدالت کی جانب سے جناح ہاؤس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت 266 ملزمان میں چالان کی کاپیاں تقسیم کی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے 21 دسمبر 2024ء کو جناح ہاؤس سمیت 9 مئی کے دیگر واقعات میں ملوث 25 افراد کو فوجی عدالتوں کی طرف سے 10 سال قید بامشقت تک کی سزائیں سنادی گئیں تھیں، بعد ازاں 26 دسمبر 2024ء کو 9 مئی 2023ء کے الزام میں سابق وزیراعظم ملوث عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 افراد کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات