Live Updates

بلوچستان اسمبلی ، نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے سے متعلق قرارداد منظور

پیر 26 مئی 2025 22:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) بلوچستان اسمبلی نے نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے سے متعلق قرارداد منظور کر لی ۔ پیر کو بلوچستان اسمبلی کااجلاس ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس میں اراکین بلوچستان اسمبلی بخت محمد کاکڑ، میر حاجی علی مدد جتک کی جانب مشترکہ قراردداد میر حاجی علی مدد جتک نے پیش کی،قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ 2008 میں اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کی عظیم علمبردار ، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو کی قومی خدمات ، عوامی حقوق اور پاکستان کی نا قابل فراموش سیاسی وسماجی ترقی کے لئے دی گئی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں اس وقت زیر تعمیر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا نام " بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد " کے نام سے منسوب کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

لیکن بعد ازاں اس کا نام تبدیل کر کے نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد " رکھا گیا جو کہ ایک عظیم قائد کے ساتھ نا انصافی کے مترادف ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ جمہوریت کی عظیم علمبردار، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی معنوی قومی خدمات ، عوامی حقوق اور پاکستان کی نا قابل فراموش سیاسی و سماجی ترقی کے لئے دی گئی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں " نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد کا نام فوری طور پرتبدیل کر کے بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد " کے نام سے منسوب کیا جائے ۔

تا کہ آنے والی نسلیں ان کی جدو جہد اور عظیم قربانیوں کو یا درکھیں اور انہیں قومی سطح پر دہ مقام دیا جائے جس کی وہ حقدار ہیں ۔اجلاس میں قراردا دکے متن پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمدکاکڑ نے کہاکہ شہید بے نظیر بھٹو ایک عظیم سیاستدان تھی پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور دفاع میں سیاستدان ،فوجی جوان ،صحافیوں وادیبوں کے نام سے مختلف پروجیکٹس کومنسوب کرنے کی ضرورت ہے سیاست سے بالاتر ہوکر شہید بے نظیر بھٹو نے جو قربانیاں دی ہیں لہذا نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کے اعتراف میں ان کے نام سے منسوب کیاجائے ۔

اپوزیشن میر یونس عزیز زہری نے اپوزیشن کی جانب سے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کیلئے قربانی دینے والوں میں ایک بڑا نام شہید بے نظیر بھٹو ہے وہ خاتون جس نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ اپنی جان کی قربانی اس وطن کیلئے دی یہ ایک عظیم قربانی ہے ۔اے این پی کے انجینئر زمرک اچکزئی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ قرارداد قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی پیش ہونی چاہیے ،اے این پی اس کی مکمل حمایت کریگی ۔

جمعیت علما اسلام کے رکن اسمبلی شاہدہ رئوف نے قرارداد کی حمایت کی اور کہاکہ ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے قرارداد کی حمایت کرتی ہوں ،وہ معاشرہ جو خواتین کواپنے ساتھ لیکر چلتاہے وہ کامیابیاں حاصل کرتاہے ۔نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے بھی قرارداد کی حمایت کی اور کہاکہ میثاق جمہوریت سے لیکر ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے بے نظیر بھٹو کی قربانیاں ہیں ۔

رکن اسمبلی مینا مجید بلوچ نے قرارداد کی حمایت کی اورکہاکہ بے نظیر بھٹو کی قوم اور جمہوریت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں ۔وہ قابل قدر خاتون ہیں بے نظیر بھٹو کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کااعزاز حاصل ہے ۔ان کی قوم کیلئے لازوال قربانیاں ،جمہوریت کیلئے جان کے نذرانے کے اعتراف پر نیواسلام آباد ائیرپورٹ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کیاجائے ۔اراکین صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل ،عبدالصمد گورگیج ودیگر نے قرارداد کی حمایت کی ۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی نے اسلام آباد ائیر پورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور کرلی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات