Live Updates

-وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کے آبائی حلقے میں یوم تکبیر کی وقار تقریب

جمعہ 30 مئی 2025 02:50

Iلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء) وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے گزشتہ روزیومِ تکبیر کے موقع پر جی ٹی روڈ پر اپنے آبائی حلقے میں ایک پٴْر وقار تقریب منعقد کی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عمائدین، اہل علاقہ بالخصوص نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے 28 مئی 1998ء اور 10 مئی 2025 کو تاریخی دن بنانے والی اپنی سیاسی و عسکری قیادت کو بھر ہورخراجِ تحسین پیش کیا اور اس دن کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنگِ میل قرار دیا۔

اٴْنہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ قوم کے غیر متزلزل عزم، قومی وحدت اور قائدانہ بصیرت کی علامت ہے۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ اس دن پاکستان عالمِ اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر اٴْبھرا۔

(جاری ہے)

یہ اعزاز ہمیں ہمارے عظیم قائد، سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی بے باک قیادت کے باعث حاصل ہوا، جنہوں نے انڈیا کے پانچ ایٹمی دھماکوں کا جواب چھ ایٹمی دھماکوں سے دے کر پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر کے اثرات نہ صرف دفاعی لحاظ سے بلکہ معاشی اور ترقیاتی میدان میں بھی نمایاں ہوئے۔ سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے، موٹر وے کی تعمیر اور توانائی بحران پر قابو پانا، سب میاں نواز شریف کی ویژنری قیادت کا نتیجہ ہیں جنہوں نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ وزیر خزانہ نے گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے سی پیک کو بری طرح متاثر کیا مگر اب میاں شہباز شریف کی قیادت میں ہمیں ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ ہم اس منصوبہ سے بھر پور استفادہ کریں۔

انھوں نے عوام کو خوشخبری سنائی کہ بہت جلد وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں سی پیک ٹو کا آغاز کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یوم تکبیر کی طرح رواں سال 10 مئی کو افواج پاکستان اور حکومت پاکستان نے جس انداز میں بھارت کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اس نے ایک بار پھر اقوام عالم کو باور کروا دیا ہے پاکستان کی سالمیت اور استحکام کو نقصان پہنچانا اتنا آسان نہیں جتنا دشمن اسے اپنے جھوٹے پروپیگنڈہ سے ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

پاکستان نہ صرف اپنے دفاعی اثاثوں کی حفاظت کرنا جانتا بلکہ ان کے بروقت اور موثر استعمال سے بھی واقف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں اپنی بہترین حکمت عملی کے ذریعے ہماری افواج، سیاسی قیادت اور عوام نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان نہ صرف جنگی میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین نے افواجِ پاکستان کا جرات مندانہ ساتھ دے کر قومی اتحاد اور حب الوطنی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ تقریب کے اختتام پر وزیر خزانہ کی جانب سے یوم تکبیر کی کامیابی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات