Live Updates

مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم، آرمی چیف کا موقف خوش آئند ،یہ دُنیا بھر کے کشمیریوں کے لیے اُمید افزاء ہے‘ لیاقت بلوچ

نریندر مودی کی فاشسٹ سوچ اُس کے ذہنی توازن کو خراب کرچکی ، شکست مودی کے لیے ناقابلِ برداشت ہورہی ہے

جمعہ 30 مئی 2025 22:53

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مؤقف خوش آئند اور دُنیا بھر کے کشمیریوں کے لیے اُمید افزاء ہے۔ سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے مسئلہ کشمیر اور ہندوستان کے مقابلہ میں کمزور مؤقف کی وجہ سے جو غیرملی فضاء پیدا ہوئی اس کا ازالہ ہوگا، بھارت کے قبضہ میں جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ریاستِ جموں و کشمیر کی اکائیاں ہیں، بھارتی ناجائز قبضہ کے خاتمہ، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے حکومتِ پاکستان کشمیری قیادت سے مل کر مضبوط اور مؤثر حکمتِ عملی بنائے، عالمی سفارتی محاذ پر کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، مقبوضہ کشمیر کی پاکستان میں آل پارٹیز حریت کانفرنس قیادت اور دُنیا بھر میں موجود کشمیری قیادت پر مشتمل وفود تشکیل دینے میں عملی تعاون کرے، دُنیا کے کسی فورم پر مذاکرات کی میز سجے، وہاں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو ترجیح دی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میرپور ڈسٹرکٹ بار، میرپور نیشنل پریس کلب کی مِیٹ دی پریس اور ختمِ نبوت و بُنیانٌ مًّرصُوص کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ نریندر مودی کی فاشسٹ سوچ اُس کے ذہنی توازن کو خراب کرچکی ہے، شکست مودی کے لیے ناقابلِ برداشت ہورہی ہے، بھارتی عوام کے ساتھ مودی، آر ایس ایس، بھارتیہ جنتا پارٹی کا جھوٹ اور ظلم ناقابلِ برداشت ہورہا ہے، خطہ میں امن کے لیے ناگزیر ہے کہ بھارتی سیاسی قیادت اور مودی کی کابینہ نریندر مودی کے آرام اور ذہنی نفسیاتی علاج کا اہتمام کریں۔

10 مئی کو معرکہ حق بُنیانٌ مًّرصُوص میں اللہ کی خاص مدد، بہترین فوجی حکمتِ عملی اور قومی وحدت و یکجہتی نے پاکستان کو عظیم کامیابی دی، بھارت کسی نئے ایڈونچر سے باز رہے ورنہ پہلے سے زیادہ کرارا جواب ملے گا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت امریکہ، یورپ، مڈل ایسٹ، فار ایسٹ کے لیے سفارتی پارلیمانی وفود بھیجے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ وفود حقیقی معنوں میں پوری قوم کی نمائندہ ہوں، یکطرفہ وفود لاحاصل ہونگے، حکومت اپوزیشن کے قومی وحدت کے جذبہ کی قدر کرے، ملک و مِلّت کو ازسرِنو نقسیم نہ کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے میرپور میں کشمیری رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ مقدمہ کشمیر کے لیے سفارتی محاذ کی جنگ لڑنے کے لیے حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، مقبوضہ کشمیر کی آل پارٹیز کانفرنس اور دُنیا بھر میں کشمیری رہنماؤں کی قیادت پر مشتمل سفارتی وفود بھجوانے میں تعاون کریں، کشمیری قیادت اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنا مقدمہ جیتے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات