Live Updates

وزیراعظم شہبازشریف اورآرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر (کل) سعودی عرب روانہ ہوں گے

بدھ 4 جون 2025 20:49

وزیراعظم شہبازشریف اورآرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر (کل) سعودی عرب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف (کل) جمعرات کو سعودی عرب پر روانہ ہوں گے جہاں وہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف (آج)جمعرات کو دورہ سعودی عرب پر روانہ ہوں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے جبکہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی سعودی عرب جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف عید الاضحی سعودی عرب میں کریں گے اور بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کی حمایت پروزیراعظم سعودی عرب کا شکریہ ادا کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کے لیے گزشتہ ماہ کے اختتامی ہفتے میں ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو محدود کردیا تھا جبکہ بھارت میں موجود پاکستانی کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے علاج کی غرض سے جانے والے بچوں سمیت تمام پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا۔

جواب میں پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی غیرقانونی معطلی کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے بھارتی سفارتی عملے کو محدود کرنے کے ساتھ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیے تھے، جبکہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت منسوخ کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کردی تھی۔بعد ازاں بھارت نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد سمیت 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان فوری دفاعی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

بھارت نے 10 فروری کی رات پاکستان کی 3 ایئربیسز کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات